جمعہ‬‮   22   ‬‮نومبر‬‮   2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان

جن محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ، فنڈز بروقت بروئے کار نہیں لا سکتے تو آگاہ کریں، تاخیری حربے قبول نہیں کئے جائیں گے
جو اعلانات وزیراعظم اور صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع کے لئے کئے ان کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا
پشاور(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20کے تحت جاری شدہ فنڈز کے استعمال کوبروقت یقینی اور ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ جن محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے اور جاری ترقیاتی فنڈز کو بروقت بروئے کار نہیں لا سکتے تو وہ وقت پر متعلقہ محکمہ کو آگاہ کرے تاکہ وہی ترقیاتی فنڈ ز بروئے کار لانے کے لئے دوسرے محکموں کومنتقل کئے جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل اور فنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال میں کسی قسم کے تاخیری حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے تکمیل کے قریب سکیموں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے جبکہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کو مجوزہ ٹائم لائن کے اندر اندر بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تمام بڑے اور اہم محکموں کو سو فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کئے جائیں گے ، جبکہ ان محکموں کو ترجیحی سکیموں پر کام تیز کرنے کے لئے ایکسر سائز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان سکیموں کو فنڈز کی فراہمی جلد یقینی بنائی جاسکے۔ باقی تمام محکموں کو ضرورت کے مطابق فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بیرونی امداد سے مختص فنڈ ز کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ تمام محکمے پی سی ون اور دیگر زیر التواء اُمور کوجلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال ، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ایک ماہ بعد دوبارہ جائزہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں صوبائی بشمول قبائلی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ایس ایم بی آر ، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ ، تمام انتظامی سیکرٹریز ، سپیشل سیکرٹری فنانس قبائلی اضلاع ، ڈی جی ایم اینڈ ای، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ ، سی ای ورکس اینڈ سروسز برائے قبائلی اضلاع و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کو قبائلی اضلاع کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنانشل پراگرس کے حوالے سے بھی بتایا گیا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کے لئے درکار اراضی کی فراہمی اور جگہ کی نشاندہی کے لئے قبائلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایم بی آر اور لوکل گورنمنٹ حکام کو ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے قبائلی اضلاع کے میگا پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو اعلانات وزیراعظم عمران خان اور صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع کے لئے کئے ہیں ان کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔ انہوں نے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو قبائلی اضلاع میں یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر جلد تفصیلی بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی ہے اور عندیا دیا ہے کہ اس حوالے سے جلد اجلاس منعقد کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے قبائلی اضلاع میں جلد اثر انداز ہونے والے منصوبوں کو مزید تیز کرنے جبکہ ایک ہفتے بعد اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص وسائل کا شفاف استعمال یقینی بناتے ہوئے اپنے ترقیاتی اہداف بر وقت مکمل کریں
محمود خان

© Copyright 2019. All right Reserved