جمعہ‬‮   29   مئی‬‮   2020
 
 

میرپور میں انتظامیہ ، قانون کی رٹ کمزور ،ہوائی فائرنگ ، لڑائی جھگڑے معمول


بدمعاشی کلچر، ہوائی فائرنگ کے واقعات میں روزبروزاضافہ،اکثریت رپورٹ ہی نہیں ہوتے
جو رپورٹ ہوتے ہیں ان پرکوئی کارروائی نہیں ہوتی ،عوام کا پولیس سے سخت نوٹس کا مطالبہ

میرپور(رشید طالب سے) پر امن شہر میرپور علاقہ غیر بننے لگا ، انتظامیہ ، قانون اور پولیس کی رٹ کمزور ہونے لگی ۔شہر میں آئے روز ہوائی فائرنگ ، لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ۔ قانون و پولیس کی موجودگی کا ڈر خوف ختم ہوتا جارہا ہے گذشتہ رات بھی علامہ اقبال روڈ مرزا عبدالقیوم میموریل ہسپتال کے سامنے دو نوجوانوں وغیرہ نے بدمعاشی اور رعب جمانے کیلئے ہوائی فائرنگ کر دی ۔ فائرنگ کی آواز سن کر مریض اور ان کے لواحقین ہسپتال سے باہر آگئے اردگرد کے علاقہ میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا فائرنگ کرنے والے دونوں نوجوانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو فراہم کر دی ہے جس میں دونوں فائرنگ کرنے والے نوجوان واضح پہچانے جاسکتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف پرچہ درج نہ ہونا اور اب تک گرفتار نہ ہونا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ تفصیل کے مطابق میرپور شہر میں بدمعاشی کلچر، ہوائی فائرنگ کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے شہر کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ فاضل چوک اور گردونواح میں آئے روز ہوائی فائرنگ کے واقعات ہوتے ہیں جن میں اکثریت رپورٹ ہی نہیں ہوتے اور جو رپورٹ ہوتے ہیں ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی ۔دو روز گزر گئے نہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پرچہ درج ہوا اور نہ ہی کوئی گرفتاری کی گئی جو پولیس کی غفلت اور ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ، عوامی حلقے ڈی آئی جی پولیس میرپور ڈویژن اور ایس ایس پی میرپور سے اس صورتحال کا نوٹس لینے اور اصلاح واحوال کا مطالبہ کرتے ہیں۔
میرپور ،ہوائی فائرنگ

 
 
© Copyright 2020. All right Reserved