منگل‬‮   12   ‬‮نومبر‬‮   2019

غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ نو تعمیر، جدید عمارت میں منتقل


غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ نو تعمیر، جدید عمارت میں منتقل
نئی عمارت میں دعائیہ تقریب سے سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز، مفتی عبدالخالق خان نے دعا کروائی
راولاکوٹ ( نمائندہ خصوصی) غازی ملت پریس کلب ( رجسٹرڈ ) راولاکوٹ نو تعمیر شدہ جدید عمارت میں منتقل کردیا گیا اور راولاکوٹ کے صحافیوں کو بالآخر نو سال کے طویل عرصہ بعد چھت میسر آگئی ، گزشتہ روز منگل کو پریس کلب کی نئی عمارت میں دعائیہ تقریب سے سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ، ممتاز عالم دین مفتی عبدالخالق خان نے دعا کروائی ، واضح رہے کہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ 1995میں تعمیر کیا گیا اور اس کا باضابطہ افتتاح اس وقت کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نے10جون 1997کو کیا گیا تھا ، 2005کے زلزلہ میں جب دیگر عمارتیں منہدم ہو گئی تو یہاں عارضی طور پر قیدیوں کو منتقل کیا گیا اور بعد میں امدادی اشیاء کے ذخیرہ کیلئے بھی پریس کلب کی عمارت کو استعمال کیا جاتا رہا ، پھر اس عمارت میں ڈپٹی کمشنر پونچھ بھی رہائش پذیر رہے ، 2010ء میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کے وقت پریس کلب کی عمارت مسمار کردیا گیا تھا ، 2010ء سے 2019ء تک راولاکوٹ کے صحافیوں کو پریس کلب کی عمارت نہ ہونے کے باعث شدید مسائل کا سامنا تھا ، اس موقع پر غازی ملت پریس کلب کے صدر اعجاز قمر ، سابق صدور سردار نذر محمد خان ، سردار عبدالرزاق ، عابد صدیق ، سردار راشد نذیر ، سردار ریاض شاہد ، سنیئر صحافی راجہ عزیز کیانی ، سردار محمد سہیل خان، سابق جنرل سیکرٹری عامر حنیف ، سنیئر نائب صد رخورشید بیگ ، جنرل سیکرٹری ظفر نذیر ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق دیگر صحافی اعجاز صدیقی ، زاہد بشیر ، احسان الحق ،راجہ افضل کیانی ، مسعود حنیف اور دیگر بھی موجود تھے، میونسپل کارپوریشن کے سنیٹری انسپکٹر سردار رحیم خان نے تقریب کے انتظامات میں خصوصی معاونت کی ، دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب اعجاز قمر نے کہا کہ اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ نو سال کے عرصہ کے بعد صحافیوں کو چھت میسر آئی ہے ، اس کی تعمیر کیلئے حکومت آزادکشمیر ، ایرا، سیرا کے حکام بالخصوص اس وقت پروگرام منیجر ڈی آر یو راولاکوٹ راجہ طارق کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پریس کلب کی عمارت کو منصوبہ میں شامل کیا ، پریس کلب کی عمارت کی حوالگی کے سلسلہ میں کمشنر پونچھ چوہدری محمد رقیب ، ایس ای تعمیرات عامہ خواجہ محمد سجاد ، ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ سعداللہ بھٹی کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین کردار ادا کرتے ہوئے معاملات کو یکسو کیا ،غازی ملت پریس کلب کی نو تعمیر شدہ عمارت میں منتقلی کے بعد نہ صرف صحافیوں کے مسائل میں کمی واقع ہو گی بلکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اداروں اور عام لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملے گی
پر یس کلب۔

© Copyright 2019. All right Reserved