اتوار‬‮   17   ‬‮نومبر‬‮   2019

اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے، شمیم نعمانی


اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے، شمیم نعمانی
مودی کے جارحانہ عزائم عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں
میرپور (بیورورپورٹ) سنی علماء مشائخ کونسل کے سرپرست و جمعیت علما ء مشائخ آل جموں و کشمیر کے مرکزی صدر صاحبزادہ پیر محمد شمیم نعمانی نے کہاکہ مودی کے جارحانہ عزائم عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ اب مسئلہ کشمیر پر مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی افواج نے ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہاں مکمل طور پر دوماہ سے زیادہ کرفیو نافذ ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع کر رکھا ہے ایسے حالات میں آزاد کشمیر اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیر ی عوام میں بے حد بے چینی کی کیفیت فطری عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عثمانیہ غوثیہ رکن الاسلام میں ملنے والے علماء کرام کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ پیر محمد شمیم نعمانی نے لائن آف کنٹرول پر بلاجواز بھارتی گولا باری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ بھارتی جارحیت اور کشمیر کی تاریخی حیثیت کو ختم کرنے کی جانب دلاتے ہوئے اخلاقی وسفارتی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بھارت دہشت گرد ملک ہے جومقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پرظلم کے پہاڑتوڑرہا ہے۔ مسلمانوں کی نسل کشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اگربھارت جارحیت سے باز نہ آیاتوجنوبی ایشیاکاامن خطرے میں پڑ سکتاہے۔انہوں نے کہا حالیہ زلزلہ سے دل بہت غمگین ہے ہر طرف سوگ کا سماں ہے ۔ میرپور کا ہر شہری پریشان ہے۔ زلزلہ نے میرپور شہر کی رونقیں چھین لی ہیں ان رونقوں کی واپسی کے لیے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔

© Copyright 2019. All right Reserved