بدھ‬‮   13   ‬‮نومبر‬‮   2019

آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے، فاروق حیدر


پہلے پی ٹی آئی سے مقابلہ تھا اب جو سامنے آئے گا دیکھیں گے،ا نتشاری کیفیت سے دور رہیں
دھرنے والوں کاپیغام دنیاکے سامنے پہنچ چکا،رائے شماری قومی موقف ہونا چاہیے،کارکنوں سے گفتگو

دھیرکوٹ(نمائندہ اوصاف)وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے۔ جس کو ووٹ ملیں گے وہ جیتے گا یہی رائے شماری ہوتی ہے۔میرپورمیں ضمنی الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔پہلے پی ٹی آئی سے مقابلہ تھا اب جو سامنے آئے گا دیکھیں گے۔ پیپلزپارٹی سے اتحاد کے حوالے سے ابھی بات نہیں ہوئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر دھیرکوٹ مسلم لیگ ن کے دفتر میں کارکنوں اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیراعظم آزا دکشمیر کا بھرپور استقبال کیا گیا اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔وزیراعظم نے حلقہ LA-13کا جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ جس کی دعوت سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ایوب نے دی تھی۔انہوں نے کہا کہ ا نتشاری کیفیت سے دور رہیں ، دشمن کو منفی پیغام جائے گا۔ رائے شماری ہمارا قومی موقف ہونا چاہیے۔تحریک آزادی کے لیے جو خدمات ہم سے ہو سکتی ہے کر رہے ہیں۔کشمیر پر قابض دشمن اتنا کمزور نہیں۔ ہر لحاظ سے طاقتورہے۔ دنیا کے سامنے اس کو کمزور کرنے کے لیے طویل جدوجہد کرنی پڑے گی۔ کشمیریوں کی نمائندگی کی بات اب آہستہ آہستہ ان لوگوں کی سمجھ میں آ رہی ہے کہ یہ موقف جاندار ہے۔اس حلقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آپ سب کو ساتھ لے کر چلیں ۔ فنڈز کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ جو منصوبے دے دیئے ان میں رد و بدل نہیں ہو سکتی جو لکھ دیا وہی ہوگا۔اس موقع پر راجہ افتخار ایوب نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور فنڈز دینے ، چھپڑیاں گھوڑیکیر روڈ سمیت دیگر مسائل حل کرنے پر وزیراعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ حلقہ کے لیے وقت دیں۔ منصوبوں کا افتتاح بھی کریں اور سنگ بنیاد بھی رکھیں۔ اس موقع پر راجہ محمد نذیر خان ، راجہ اشراف خان ، سردار ریاض عباسی، راجہ ساجداعظم، راجہ خالقداد خان ایڈووکیٹ، راجہ عنصرشفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کرنل (ر) راجہ محمد صدیق خان کی اہلیہ کی وفات پر ان کے گھر جا کر تعزیت کا اظہار بھی کیا اور دعائے مغفر ت کی۔ وزیراعظم نے سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان بھی رائے شماری سے ہو گا اور ہم بھی وہی بات کررہے ہیں کوئی جدا موقف نہیں۔ دو قومی نظریے پر بنائے گئے ملک میں قائد اعظم کے نظریے پر قائم رہ کر اس کی تکمیل کریں گے۔ دھرنے والوں کا موقف دنیا کے سامنے پہنچ چکا۔ میں نے ان سے گزارش کی تھی کہ وہ اب ختم کر دیں۔ جب رائے شماری ہو تو تب بھی بارڈر ٹوٹے گاہمارے پاس اور بھی طریقے ہیں جس کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تقریروں سے کشمیر نہیں ملتا۔عمران خان نے نمائندگی کی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔، اس موقع پر وزیرجنگلات سردار میراکبر خان نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ اس حلقے کا خصوصی خیال رکھتے ہیں جیسے اپنے حلقے کا اور آئندہ الیکشن میں فاروق حیدر کا نمائندہ الیکشن جیتے گا۔بدقسمتی سے اس حلقے میں بڑے لوگ ہونے کے باوجود بھی وہ کام نہیں ہو سکے جو ہونے چاہیے تھے جس کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔
فاروق حیدر

© Copyright 2019. All right Reserved