ہفتہ‬‮   19   اکتوبر‬‮   2019

رہائشی عمارتوں میں قائم پرائیویٹ سکولوں کو شفٹ کرنیکی تیاریاں

12ستمبر کو اجلاس طلب،ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ ،سکولوں کے نمائندے شریک ہونگے
ہاؤسنگ سوسائٹیز کوسکولوں کیلئے مختص پلاٹوں کو 3ماہ میں استعمال میں لانے کی ہدایت

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں سی ڈی اے نے اسلام آباد کے رہائشی عما رتوں میں واقع پرائیویٹ سکولوں کو شفٹ کرنے کیلئے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کیلئے پیش رفت کی ہے۔ اس ضمن میں تمام مطلوبہ کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کو یقینی بنا کر ان کی طرف سے دی گئی تجاویز کو بھی اس حکمت عملی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔12 ستمبر بروز جمعرات سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں کے علاوہ پرائیویٹ ایجوکیشنل سکول ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رہائشی عما رتوں سے شفٹنگ کیلئے جامع اور شفاف پالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ تمام تعلیمی اداروں کو مساوی بنیادوں پر شفٹ کیا جا سکے۔ اس میکنیزم میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سکول کیلئے مختص پلاٹ کسی غیر متعلقہ فرد یا ادارے کو الاٹ نہ ہو سکے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ آئندہ اسلام آباد کے رہائشی عمارت میں کوئی سکول نہ چلایا جائے۔اس ضمن میں اسلام آباد کی حدود میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی سکیموں میں سکولوں کیلئے مختص پلاٹوں کو تین ماہ کے اندر استعمال میں لائیں اور اگر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سکول کیلئے مختص پلاٹ کو دیگر مقاصدکیلئے استعمال کیا جا رہا ہے تو اس پلاٹ کے متبادل ہاؤسنگ سوسائٹی میں سکول کیلئے پلاٹ کو مختص کیا جائے بصورت دیگر ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ جو کہ اس ضمن میں مرکزی سٹیک ہولڈر ہے سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں مستقبل میں تعلیمی اداروں کی ضرورت کے علاوہ ادارے کو الاٹ شدہ ایسی جگہ جو استعمال میں نہ ہو اسکی نشاندہی کریں تاکہ اسے دوبارہ الاٹ کر کے تعلیمی سر گرمیوں کے لئے استعمال میں لایا جا سکے۔ اس سلسلے میں فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ ابتدائی طور پر ایک ایسامیکنیزم تجویز کرے گا جس کی روشنی میں سرکاری اور غیر سرکاری انسٹی ٹیوٹس کی تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
تیاریاں

© Copyright 2019. All right Reserved