بدھ‬‮   23   اکتوبر‬‮   2019

شکست امریکہ کامقدر،کشمیر پر فوری قومی کانفرنس بلائی جائے،لیاقت بلوچ


شکست امریکہ کامقدر،کشمیر پر فوری قومی کانفرنس بلائی جائے،لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی ملک کو ہر بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،امریکہ طالبان سے فیس سیونگ چاہتاہے
کشمیر ہماری شہ رگ،ملکی قیادت کو سنجیدہ و جلد فیصلے کرنا ہونگے ،کشمیر جلد پاکستان بنے گا، سالانہ تربیتی اجتما ع سے خطاب
حیدرآباد(نمائندہ اوصاف) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال پر قومی کانفرنس بلائی جائے ایک مضبوط لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ،افغانستان میں امریکہ شکست کھا چکا ہے وہ طالبان سے فیس سیونگ چاہتا ہے اسرائیل اور بھارت نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ،جماعت اسلامی ملک کو ہرطرح کے بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے سالانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے اجتماع سے نائب امراءجماعت اسلامی پاکستان پروفیسر ابراہیم خان ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ عزیز چنہ ، ڈپٹی سکریٹر ی سندھ عبدالو حید قریشی ،حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید اور دیگر نے بھی خطاب کیا لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو اور بھارتی ظلم وستم کے بعد مقبوضہ وادی کشمیر کے مسلمان، پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کشمیر پاکستان کا حصہ اور شہ رگ ہے اس پر ہمارے ملک کی قیادت کو سنجیدہ و جلد فیصلے کرنا ہو نگے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر قومی کانفرنس بلائیں انہوں نے کہاکہ جب دہشت گردی کے خلاف قومی کانفرنس بلائی گئی اور قوم نے یکسو ہو کر ایک فیصلہ کیا تو اسکے نتائج بھی سامنے آئے اب بھی یہی تقاضا ہے انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیر میں شر پیدا کیا ہے لیکن اس سے خیر نکلے گااور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا انہوں نے کہاکہ افغانستان میں طالبان نے اللہ پر بھروسہ کیا اور اپنی قوتِ بازو پر اعتماد کرکے یکسوئی سے جہاد جاری رکھا انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے اپیلیں کیں نہ کسی ملک سے مدد کی بھیک مانگی آج امریکہ افغانستان میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے وہ طالبان سے فیس سیونگ چاہتا ہے لیکن طالبان بھی ثابت قدم ہیں اور وہ اپنی شرائط پر ہی امریکہ سے کوئی معاہدہ کریں گے انہوں نے کہاکہ جب امریکہ اور طالبان کے مذاکرات جاری تھے تو مری میں افغانوں اور افغان حکومت کی کانفرنس نہیں بلانا چاہئیے تھی ابھی وقت ہے کہ ہم صورتحال کو سمجھیں انہوں نے کہاکہ افغانستان میں بھارت اور اسرائیل امن نہیں چاہتے اور نہ ہی امریکہ کی ایسی خواہش ہے لیکن امریکہ خو د کو نقصانات سے بچانے کے لیے راستہ تلاش کررہا ہے اس صورتحال سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیئے انہوں نے کہاکہ حیرت ہے کہ اسفند یار ولی جیسے لوگ افغان حکمرانوں کے ترجمان بنے ہو ئے ہیں جبکہ انہوں نے افغانستان کو تباہ و برباد کرنے والی قوتوں کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر اور افغانستان پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ایک ایسی منظم جماعت ہے جو ملک کو ہر طرح کے بحران سے نکال سکتی ہے اسکی خارجہ و داخلی پالیسیاں واضح ہیں اور تذبذب کا شکار نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر پر جماعت اسلامی کے کارکنان سرگرم اور ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے اندر ایمان و کردار کی صلاحیت پیدا کریں خود اعتمادی کے ساتھ عوامی رابطہ کریں ملک کے دیگر حصوں کی طرح حیدرآباد میں بھی تاریخی کشمیر ریلی کی تیاریاں کریں ۔
لیاقت بلوچ

© Copyright 2019. All right Reserved