ہفتہ‬‮   19   اکتوبر‬‮   2019

واقعہ کربلا حق و باطل کا عظیم کارنامہ،امام حسینؓ کی قربانی انسانوں کیلئے مشعل راہ (مصطفیٰ کمال)


واقعہ کربلا حق و باطل کا عظیم کارنامہ،امام حسینؓ کی قربانی انسانوں کیلئے مشعل راہ (مصطفیٰ کمال)
جو قومیں خاموش رہ کر حق پر کھڑی اور باطل کے آگے ڈٹتی نہیں وہ ظالم یزید کے ساتھی ہیں،انکا انجام عبرتناک
پی ایس پی حسینیت کی پیروکار ،ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ، ہماری جدوجہد متحد ہوکر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان کائنات کا سب سے عظیم معرکہ ہے جس میں نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ اور انکے خاندان نے حق کی سربلندی کی خاطر جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے. یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں چئیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کہ واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے میں کسی بھی حد سے گزر جانے کا سبق دیتا ہے. حضرت امام حسین ؓ اور اہل بیت نے اسلام کی بقاء و سلامتی کے لئے جو عظیم قربانی پیش کی ہے اس کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ جو قومیں خاموش رہ کر حق پر کھڑی اور باطل کے آگے ڈٹتی نہیں وہ ظالم یزید کے ساتھی ہیں اور انکا انجام بھی عبرتناک ہوتا ہے کیونکہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پہ خاموش ہے، پی ایس پی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، ہماری جدوجہد ہے کہ قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے ۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ماہ محرم الحرام تمام عالم اسلام کیلئے ایک مقدس مہینہ ہے اس دوران ہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے عوام اور علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فسادات کی سازشوں کو ناکام بناد یں۔دریں اثناء ‏چئیرمین سید مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے دیگر عہدیداروں کیساتھ نو محرم کے مرکزی جلوس میں شرکت کی اور ملیر جعفر طیار امام بارگاہ اور امام بارگاہ دربارِ حسینی ملیر کا دورہ کیا اور انتظامیہ سےعلیحدہ علیحدہ ملاقات کیں اس موقع پر دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے.
مصطفیٰ کمال

© Copyright 2019. All right Reserved