ہفتہ‬‮   21   ستمبر‬‮   2019

امام حسین نے یوم عاشور کو تاقیامت انمٹ بنادیا، صدر ، وزیراعظم

آئیے عہد کریںانتہا پسندی کے سدباب کیلئے کسی اقدام سے دریغ نہیں کرینگے، پیغامات

اسلام آباد(نیوز ایجنسی)صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوم عاشور یعنی10محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں ایک ممتاز حیثیت ہے ، نواسہ رسولۖ امامِ عالی مقام حضرت امام حسین نے اپنے اہلِ بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں یومِ عاشور کو شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمٹ بنادیا،یہ عظیم قربانی ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاددلاتی ہے کہ فسق و فجور کی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔یوم عاشور محرم کے موقع پر قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہادت امام حسین رضی تعالیٰ عنہ حقیقت میں انسانیت کی فتح اور اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے۔ یہ اسی قربانی کا ثمر ہے کہ ہماری تاریخ میں ایسے جانثار پیدا ہوتے رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ حق اور انصاف کا ساتھ دیا۔آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ ہم اُسوہ حسین کی روشنی میں ہر وہ کام کریں گے جو اعلائے کلمة اللہ ، فروغ حق، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مفید ہواور دہشت گردی ، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔صدر نے کہا کہ آخر میں دعاگوہوں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور یوم عاشور کے اصل پیغام جو کہ قربانی پر مبنی ہے کو ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ، آمین۔
صدر، وزیراعظم


© Copyright 2019. All right Reserved