ہفتہ‬‮   21   ستمبر‬‮   2019

اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی تحقیقاتی کمیشن بنائے(وزیراعظم)




عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر لاتعلق نہیں رہنا چاہیے، کشمیر میں جاری کرفیو کو ختم کیا جائے،عمران خان
مقبوضہ کشمیر میں حالات سنگین، اقوام متحدہ باتوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے، پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی
اسلام آباد،نیویارک(نیوزایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کی بڑھتی ہوئی تشویش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کے ردعمل اور تشویش کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز اور اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میشیل باچلیٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ ہفتے سے جاری کرفیو کو ختم کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔عمران خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ اب عمل کا وقت آگیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر غیر جانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ خود اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنی گزشتہ 2 رپورٹس میں ایسا تحقیقاتی کمیشن بنانے کی سفارش کی تھی۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کیلئے باتوں سے آگے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا،مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آزادی کو مکمل ختم کردیا گیا ہے،بھارتی اقدامات سے کشمیرمیں بڑے بحران کا خطرہ جنم لے رہا ہے، عالمی میڈیا، انسانی حقوق تنظیمیں بھارتی مظالم منظرعام پرلا رہے ہیں۔امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ فلسطین کے مسئلے جیسا ہے دونوں ہی متنازع علاقے ہیں، دونوں میں لوگوں کو محصور کردیا گیا ہے۔ دونوں علاقے اقوام متحدہ کے ایجنڈے کے پرانے مسئلے ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشتگردی سے سب آگاہ ہیں، مقبوضہ وادی میں پیلٹ گنز کے استعمال سے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مقبوضہ وادی سے آنے والی رپورٹس وہاں پر جاری بدترین تشدد دکھاتی ہیں، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آزادی کو مکمل ختم کردیا گیا ہے۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے مقبوضہ وادی میں بڑے انسانی المیے کا خطرہ ہے۔ مغربی میڈیا سمیت بین الاقوامی توجہ مسئلہ کشمیر پر ہے، کشمیریوں کی حالت زار پر بین الاقوامی تنظیمیں بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کو باتوں سے آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔
پاکستان



© Copyright 2019. All right Reserved