ہفتہ‬‮   24   اگست‬‮   2019

پاکستان ہمارا وکیل، یقین ہے پوری دنیا تک کشمیریو ں کی آواز پہنچائے گا، فاروق حیدر


کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہو گا اب ہم اگلی جنگ بھارت کی سرزمین پر لڑیں گے
مہاجرین کی قربانیاں رنگ لائیں گی اپنا گھر چھوڑ کر آزادکشمیر آنیوالے ہمارے ہیرو ہیں،عوام سے خطاب
مظفرآباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ عیدالاضحی کے دن فقیدالمثال قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی تما م سیاسی جماعتوں کا شکرگزار ہوں۔ ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے1947 ،1965اور 1971میں ہجرت کی۔ کوئی دلیر آدمی ہی ہجرت کر سکتا ہے۔ کوئی بھی بزدل آدمی ہجرت نہیں کر سکتا۔ ملت اسلامیہ پاکستان، ، پاکستانی عوام اور پاک فوج پر پورا یقین ہے کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو پوری دنیا تک پہچائیں گے۔ آج اگر کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو ہندوستان کااگلا ہدف پاکستان ہو گا۔ پاکستان ہمارا وکیل ہے۔ ان خیالات کااظہار وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مہاجر کیمپ مانک پیاں مظفرآباد میں کشمیریوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، صدرپاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، عزیر احمد غزالی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستانی فوج کشمیریوںکو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہے ہیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اگر ہندوستان نے کوئی کارروائی کرنے کی کوشش کی تو اگلی جنگ ہندوستان کی سرزمین پر لڑیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے ہندوستانی مظالم سے تنگ آکر ہجرت کرنے والوں نے نبی کریم ﷺکی سنت زندہ کی ۔انہو ں نے کہا کہ مہاجرین کی قربانیاں رنگ لائیں گی اپنا گھر بار چھوڑ کر آزادکشمیر آنیوالے ہمارے ہیرو ہیں۔مہاجرین جموں وکشمیر کو تمام سہولیات فراہم کرینگے۔حریت رہنماؤں نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی یہاں تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حریت کی مرکزی قیادت کو نظر بند کر دیا گیا ہے مقبوضہ کشمیر کو نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مہاجرین کے گزارہ الائونس میں اضافہ کیا ہے لیکن ناکافی ہے جسے مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین بستیوں میں پانی، بجلی سمیت دیگر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
فاروق حیدر

© Copyright 2019. All right Reserved