جمعرات‬‮   21   ‬‮نومبر‬‮   2019

زرعی تحقیقاتی کونسل اور فارمرز ایسو سی ایٹس کے وفد کا چین کا دورہ

دورہ کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان زراعت میں تعاون بڑھانا ہے
اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور فارمرز ایسو سی ایٹس پاکستان کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے چین کا دورہ کیا ہے۔ دورہ کا اہتمام چین کے سفارت خانہ نے کیا۔وفد کے سربراہی آفاق ٹوانہ جو کہ ایک نمایاں کسان ہیں نے کی۔ جب کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے نمائندوں میں ڈاکٹر کمال شیخ، ڈاکٹر فیاض اور ڈاکٹر امان اللہ شامل تھے۔ دورہ کا مقصدپالیسی میکرز، تحقیقی اداروں، تدریسی اداروں ، کسانوں کی تنظیمات اور کاروباری طبقوں سے ملاقات کرنا تھا تاکہ چین کی زرعی ترقی کے متعلق اقدامات سے آگاہی حاصل ہو سکے۔ وفد نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ چین کے کسان کے مقابلے میں پاکستان کے کسان کی پیداواری صلاحیت پچاس فیصد کم ہے۔ پاکستان وفد نے چائنہ اکیڈمی آف ٹروپیکل ایگریکلچر سائنسز کے زیر اہتمام ہونے والی ایک ورکشاپ میں بھی شرکت کی۔ بعد ازاں وفد نے منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب زاہو قنگ ہوئی سے بھی ملاقات کی اور زرعی امور پر باہمی تبادلہ خیال کیا۔وفد نے سکول آف الیکٹرک اینڈ انفارمیشن انجنیئرنگ ، چائنہ کے فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی جنہوں نے پاکستانی وفد کے ممبران کو زرعی فیلڈ اور توانائی کی ترقی کے بارے میں ادارہ کی خدمات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے چائنہ اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کا بھی دورہ جہاں انہوں نے گرین ہائوس کا معائنہ کیا۔ چائنہ یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا گیا جبکہ اس دوران چائنہ یونیورسٹی میں ہونے والی تدریسی ، مطالعاتی اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بھی وفد کو مکمل آگاہ کیاگیا۔

© Copyright 2019. All right Reserved