منگل‬‮   18   جون‬‮   2019

10 چینیوں،2سہولت کاروں کی درخواست ضمانت،FIA کو نوٹس

جھوٹی کہانی تیار کر کے گرفتار کیا گیا،ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں ، موقف
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادیوں کے الزام میں گرفتار چینی باشندوں نے لاہور کی عدالت میں ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کرتے ہوئے ان پر لگے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔چینی باشندوں اور ان کے مبینہ پاکستانی ایجنٹس نے ضمانت کے لیے لاہور کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس بھیج دیا۔جن ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئیں ان میں لیو تھیانگ، سوانگ گواچا، لیو لی بل، رانگ گو، فنگ شنگ گو، لیو چوانگ، لیو تھیانگ لی، جو جانگ زن، چانگ گانگ اور سنگ ہونگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چینی باشندوں کے غیر قانونی اقدام میں مدد گار مقامی سہولت کار ملزمان محمد انصر اور شوکت علی نے بھی سلیم احمد خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔ چینی باشندوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو جھوٹے مقدمے میں بے بنیاد نامزد کر کے گرفتار کیا گیا اور ساتھ ہی موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے خود ہی ایک جھوٹی کہانی تیار کر کے ان کے موکلوں کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ درخواست گزار پاکستان میں کاروبار کے لیے آئے تھے مگر ان کو گرفتار کر لیا گیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کی جائیں اور رہائی دی جائے، جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کو نوٹس جاری کر کے تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
ضمانت

© Copyright 2019. All right Reserved