منگل‬‮   18   جون‬‮   2019

ق لیگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

ہم متحد ہیں ، اس وقت پنجاب میں مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتے، طارق بشیر


اسلام آباد (نیوز ایجنسی )وفاقی وزیر ہائوسنگ اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ میں دراڑ کی خبریں100 فی صد جھوٹ ہیں، نقطہ نظرالگ الگ ہو تو قیادت مل بیٹھ کرفیصلے کرلیتی ہے ، اس وقت پنجاب میں مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرہائوسنگ طارق بشیرچیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ میں دراڑ کی خبریں100 فی صد جھوٹ ہیں، نقطہ نظرالگ الگ ہو، تو قیادت مل بیٹھ کرفیصلے کرلیتی ہے۔مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، وزیر اعظم سے عزت، خلوص اور احترام کا رشتہ ہے، وزیر اعظم عثمان بزدارکی حمایت کرتے ہیں تو ہم بھی کرتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، اللہ کرے کہ عثمان بزدار کامیاب وزیراعلیٰ ثابت ہوں، وزیراعظم نے ان کا انتخاب کیا ہے، تو ہم ایمان داری سے تعاون کریں گے، اس وقت پنجاب میں مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ 50 لاکھ گھر منصوبے کو مکمل ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا، منصوبہ 5 سال میں ضرور مکمل ہوگا۔وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ اگر 4 سے 5 لاکھ گھر رہ بھی گئے، تو نئی حکومت پراجیکٹ کو کسی صورت روک نہیں سکے گی۔خیال رہے کہ ایک عرصے سے پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں گردش کر رہے ہیں، جن کی اتحاد کی جانب سے متعدد بھی تردید کی جاچکی ہے۔

طارق بشیر

© Copyright 2019. All right Reserved