منگل‬‮   18   جون‬‮   2019


وزیراعلیٰ کے ایک دن میں تین اضلاع کے رمضان بازاروں،ہسپتالوں کے دورے (لوٹ مار کا دور گزر چکا ،عوام کے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے ‘عثمان بزدار )
نورپور تھل کی انتظامیہ دورے سے بے خبر،ہیلی کاپٹر سے اتر کر رمضان بازار کی طرف پیدل گئے ،راستے میں شہریوں،تاجروں اوروکلاء سے بات چیت،
تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال منکیرہ میں آمد،وارڈز اورشعبوں کا دورہ بعد میں فیصل آبادپہنچ گئے ، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیع کا اعلان،،تاجروں اورصنعتکاروں سے ملاقاتیں

بھکر ،،فیصل آباد جوہرآباد،(بیورو رپورٹ ،ڈسٹرکٹ رپورٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک ہی دن میں تین اضلاع کے دورے کیے اوررمضان بازاروں، ہسپتالوں سمیت دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سے روانگی کے بعددوران سفر پائلٹ کو ہیلی کاپٹر بھکر کی بجائے رخ بدلنے کی ہدایت کی اورہیلی کاپٹر اچانک نور پور تھل میں اتروا لیا۔بغیر اطلاع آمد کی وجہ سے نورپور تھل کی تحصیل انتظامیہ وزیراعلیٰ کی آمد سے بے خبر رہی اور وہ ہیلی کاپٹر سے اتر کر گاڑی کی بجائے پیدل ہی رمضان بازار کی طرف چل دیئے۔راستے میں وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر شہریوں کا رش لگ گیا اوررمضان بازار نورپور تھل میں عوام کا ہجوم امڈ آیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے نورپور تھل میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کے نرخ اور معیار کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ رمضان بازار میں قائم سستی چینی اور آٹے کے سٹالز پر بھی گئے اور شہری کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان بازاروں میں چینی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ نے خریداری کیلئے آئے شہریوں سے بات چیت کی اور اشیائے ضروریہ کے ریٹ اور کوالٹی کے بارے میں ا ستفسار کیا۔وزیراعلیٰ کی نورپور تھل کے بازار میں سے گزرتے ہوئے تاجروں اور وکیلوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے تجاویز دریافت کیں۔وزیر اعلیٰ نے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ ترین علاقوں کا دورہ کرکے زمینی حالات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ میرا براہ راست رابطہ عوام سے رہتا ہے اورعوام کے مسائل کو بخوبی جانتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نور پور تھل سے بھکر کی تحصیل منکیرہ پہنچ گئے۔منکیرہ آمد کے فوراً وزیراعلیٰ نے رمضان بازار کا رخ کیا اورسٹالوں کا دورہ کر کے اشیاء کے نرخ اورمعیار چیک کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منکیرہ پہنچ کر مختلف وارڈز اورشعبے دیکھے۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کی مزاج پرسی اوردعائے صحت کی۔ وزیراعلیٰ نے مریض سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نہیں عوام کا خدمت گار ہوں۔صحت کے شعبہ میں تمام خرابیاں اورخامیاں دور کریں گے۔مریض کا کہنا تھا کہ آپ کو منکیرہ ہسپتال میں دیکھ کر حیرت ہوئی،اب تبدیلی کا یقین ہورہا ہے۔انہوں نے ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کی۔وزیراعلیٰ نے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منکیرہ میں زیر تکمیل دانش سکول کی عمارت کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم روڈجلد تعمیر کی جائے گی مسائل جاننے کیلئے عوام کے پاس پہنچ رہا ہوں۔منکیرہ کے بعد وزیراعلیٰ فیصل آباد پہنچ گئے اورفیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کر کے مختلف شعبے دیکھے۔انہوں نے مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔مریضوں نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں فراہم کردہ طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیع کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ مریضوں کے رش کے باعث کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں توسیع ناگزیر ہے۔ عوام کو ہیلتھ کیئر کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے خود ہسپتال کے دورے کررہا ہوں۔فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے آفس کا دورہ کیا اورفیصل آبادچیمبر آف کامرس کے عہدیداروں،تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات کی۔صنعتکاروں اورتاجر برادری نے وزیراعلیٰ کو مسائل،تجاویز اورسفارشات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ چنیوٹ روڈ کو دو رویہ سڑک بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ایم 3انڈسٹریل سٹیٹ میں 1122ریسکیو سروس جلد فنکشنل کردی جائے گی اورسکیورٹی کی بہتر صورتحال کیلئے پولیس چوکی کو پولیس سٹیشن کا درجہ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد شہر میں صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینا ن کیا۔ قبل ازیں سرکٹ ہاؤس فیصل آباد اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں مقامی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے فیصل آباد میں مزید ہسپتالوں کا قیام ناگزیرہے۔شہر کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈ فراہم کریں گے۔عید کے بعد فیصل آباد کا تفصیلی دورہ کیا جائے گاعلاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اب لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے ،عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے ،ماضی کی حکومتیں شفاف ہوتیں تو آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب اور تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے، پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، قائداعظم محمد علی جناح کے بعد ملک کو شفاف قیادت نہیں ملی، بدقسمتی سے 70 برس کے دوران ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے، گزشتہ 10 برس کے دوران کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کا راج رہا،منصوبو ں کے نام پر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو بے دریغ ضائع کیا گیا، ماضی کی حکومتیں شفاف ہوتیں تو آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی صورت میں شفاف قیادت ملی ہے، اب لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے، ہر سطح پر شفافیت کو فروغ دیا گیا ہے۔



© Copyright 2019. All right Reserved