جمعہ‬‮   23   اگست‬‮   2019

پاکستان پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے دُنیا میں تیسرے نمبر پر

2018 ء کے دوران پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 2ہزار 487میگاواٹ اضافہ ہوا

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) پاکستان پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے دُنیا بھر میں تیسرے نمبر پر رہا ،انٹرنیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن نے عالمی سطح پر پن بجلی کے شعبہ میں پیش رفت کے حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی،پاکستان میں 2018 ء کے دوران واپڈا منصوبوں کی تکمیل سے پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 2ہزار 487میگاواٹ اضافہ ہوا ،ملک میں پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں یہ اضافہ گولن گول، نیلم جہلم اور تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے ہوا ،رپورٹ کے مطابق چین پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے حوالے سے دُنیا بھر میں پہلے جبکہ برازیل دوسرے نمبر پر رہا ۔انٹر نیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن نے عالمی سطح پر پن بجلی کے حوالے سے اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ پن بجلی پیداکرنے کی صلاحیت میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے پاکستان دُنیا بھر میں تیسرے نمبر پر رہا. انٹر نیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن کی مذکورہ رپورٹ”2019 : ہائیڈرو پاور سٹیٹس رپورٹ۔ سیکٹرٹرینڈزاینڈ انسائٹس“کے عنوان سے جاری کی گئی ہے اور ویب لنکhydropower.org/statusreportپر بھی دستیاب ہے۔یونیسکو کے زیر اہتمام 1995ء میں انٹر نیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن کے نام سے قائم ہونے والا یہ فورم دُنیا بھر میں پن بجلی کے حوالے سے مفید تجربات کو فروغ دے رہا ہے۔ انٹر نیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن کی رپورٹ میں شامل پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے ٹاپ20 ممالک کی فہرست میں بتایا گیا ہے کہ 2018 ء میں پاکستان نے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے اپنے قومی نظام میں 2 ہزار 487میگاواٹ پن بجلی کا اضافہ کیا۔ چین دُنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا جس نے اپنے نظام میں 8 ہزار 540 میگاواٹ پن بجلی کا اضافہ کیا جبکہ 3 ہزار 866میگاواٹ پن بجلی اضافہ کے ساتھ برازیل فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ایک ہزا ر85 میگاواٹ پن بجلی اضافہ کے ساتھ ترکی چوتھے جبکہ 668میگاواٹ پن بجلی اضافہ کے ساتھ انگولا پانچویں نمبر پر رہا۔ ہمسایہ ملک بھارت کی فہرست میں آٹھویں پوزیشن ہے جس نے اپنے نظام میں 535 میگاواٹ پن بجلی کا اضافہ کیا۔پاکستان میں پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے واپڈا نے سال 2018 ء میں تیزی سے پیش رفت کرتے ہوئے,2 ہزار 487میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے تین میگامنصوبوں کو مکمل کیا، اِن منصوبوں میں گولن گول، تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔ یہ تینوں منصوبے طویل عرصہ سے تاخیرکا شکار تھے۔ اِن منصوبوں کی تکمیل کی بدولت واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں صرف ایک سال میں 36 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 9 ہزار 389 میگاواٹ ہو گئی ہے۔ قبل ازیں 1958ء میں اپنے قیام سے 2017 ء تک 59 برس میں واپڈا کی پن بجلی پیداکرنے کی صلاحیت 6 ہزار 902 میگاواٹ تک پہنچ سکی تھی
پن بجلی

© Copyright 2019. All right Reserved