جمعہ‬‮   23   اگست‬‮   2019

دنیا میں امن کے لیے تنازعات کاحل ضروری ہے، اسد قیصر

پاکستان اقوام متحدہ کا رکن اوراس کے چارٹر کی مکمل حمایت کرتا ہے
اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اقوامِ عالم کا نمائندہ ادارہ ہے اوردنیا میں امن کے قیام کے لیے اس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک سر گرم رکن ملک ہے اوراس کے چارٹر کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل Mr.Hao Liang Xuاور پاکستان میں یواین ڈی پی کے نمائندے Ignacio Artaza سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ملک سے دہشتگردی، ناخواندگی، بے روزگاری، غربت کے خاتمے اور عام آدمی کے میعارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی معاشی ترقی کا انحصار زراعت پر ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی فلاح وبہبود موجودہ حکومت کی اوالین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ان کی سربراہی میں ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں پر پاکستان میں زراعت کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں یو این ڈی پی سمیت اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ Mr.Hao Liang Xu نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کو ایک خوشحال اورترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے ایس ڈی جیز کے حصول کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور یو این ڈی پی کی طرف سے پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان میں یواین ڈی پی کے نمائندے Mr.Ignacio Artaza نے سپیکر کو یو این ڈی پی کی طرف سے پاکستان میں تعلیم،صحت اور دیگر سما جی شعبوں میں جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں کنوینر ایس ڈی جیز ریاض فتیانہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
اسد قیصر

© Copyright 2019. All right Reserved