پیر‬‮   26   اگست‬‮   2019

ریڈیو پاکستان کا صوت القرآن چینل دین کی خدمت کر رہا ہے،علی محمد

قاری وحید ظفر قاسمی کی آواز بھی جلد شامل کرینگے ، صوت القرآن ٹیم کو خراج تحسین
اسلام آباد (اوصاف نیوز)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کا صوت القرآن چینل FM-93.4 صبح 5بجے سے رات 12بجے تک اپنے سامعین کو قرآن پاک کی تلاوت اور ترجمہ سنا کردین کی بہت بڑی خدمت کر رہا ہے۔ریڈیو پاکستان کے صوت القرآن چینل کی نئی نشریات کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بہت ہی زبردست خدمت کر رہا ہے او رمیں صوت القرآن کی تمام ٹیم کو خراج عقیدت پیش کر تا ہوں جو اس زبردست کام کو چلا رہے ہیں یہ دین کی بہت بڑی خدمت ہے۔ اس میں کچھ نئے قاری صاحبان کی آواز بھی شامل کی گئی ہیں جن میں قاری بزرگ شاہ الازہری صاحب کی آواز شامل کی گئی ہے اور عنقریب قاری وحید ظفر قاسمی کی آواز بھی شامل ہو گی۔ علی محمد خان نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی یہ جو خدمت ہے جن لوگوں نے اس کام کو شروع کیا ہے اور جو لوگ اس کو چلا رہے ہیں اور جن کا اس میں کردار ہے میں سمجھتا ہوں کہ یہ آخرت میں ان لوگوں کی کامیابی کا باعث بنے گا۔ کیونکہ ہمارے بچوں کو ہماری خواتین کو اور خاص طورپر وہ حضرات جو گاڑیوں میں سفر کر رہے ہوتے ہیں جو کوئی کام کر رہے ہیں مثلا کوئی کاریگر ہے اور جو دکانوں میں ہوتے ہیں وہ ریڈیو پاکستان سنتے ہیں ہمارے فوجی بھائی جو بارڈر پر ہیں وہ ہمارا ریڈیو پاکستان سنتے ہیں۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امو رنے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور حکومت پاکستان کی طرف سے یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ریڈیو پاکستان کو ہم پاکستان کا اثاثہ سمجھتے ہیں ۔

© Copyright 2019. All right Reserved