بدھ‬‮   26   جون‬‮   2019

چیف سیکرٹری معاشی نقصانات پر وفاقی حکومت کو آ گاہ کریں ،امجد علی


چیف سیکرٹری معاشی نقصانات پر وفاقی حکومت کو آ گاہ کریں ،امجد علی
وزیراعظم پاکستان کا کوہالہ پاور پراجیکٹ پر تحفظات کا اظہار خوش آئند پیش رفت ہے
مظفرآباد(نمائند ہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان کی جانب سے سراں کوہالہ پاور پراجیکٹ پر تحفظات کا اظہار خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس حوالے سے وزارت توانائی نے آزاد حکومت کو خط ارسال کیا ہے جس میں پراجیکٹ پر تمام متعلقین کے تحفظات 16 مئی تک تحریرا ارسال کرنے کی بات کی گئی ہے۔ امید ہے کہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عوامی تحفظات کو بھی اپنی تحریر کا حصہ بنائیں گے اور دریائے نیلم کے بعد دریائے جہلم کا رخ تبدیل کر کے مظفرآباد کو درپیش شدید ماحولیاتی، سماجی اور معاشی نقصانات پر وفاقی حکومت کو آگاہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار دریا بچاؤ کمیٹی کے ترجمان امجد علی خان ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو اپنے خط میں اس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے جو وزیراعظم پاکستان کے بنائے گئے دو رکنی کمیشن نے مظفرآباد میں ہونے والے شدید عوامی ردعمل کے بعد ترتیب دی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دریا بچاؤ کمیٹی کے خدشات بھی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اپنے جواب کا حصہ بنائیں کیونکہ متوقع ہائیڈل منصوبہ پر ماحولیاتی تحفظات کا اظہار عوامی سطح پر اسی کمیٹی نے قائم کیا جو آج دسویں ماہ میں داخل ہو چکا ہے۔ امجد علی خان نے کہا کہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر میں وفاق کی نمائندگی کر رہے ہیں جن کی حیثیت آزاد ریاست اور پاکستان کے درمیان ایک پل جیسی ہے۔ دریا بچاؤ کمیٹی امید کرتی ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں میں واپڈا کے خلاف پیدا ہونے والے ردعمل اور چینی کمپنی کی جانب سے مظفرآباد میں متوقع ہائیڈل منصوبہ کے بعد پیدا ہونے والے ماحولیاتی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کو وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں دریائے نیلم کے بعد دریائے جہلم کا رخ تبدیل کرنے کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

© Copyright 2019. All right Reserved