پیر‬‮   19   اگست‬‮   2019

محمد بخشؒ کا کلام رحمت الٰہی کی جانب گامزن کرتا ہے،خلیق الزماں


محمد بخشؒ کا کلام رحمت الٰہی کی جانب گامزن کرتا ہے،خلیق الزماں
اولیاء کے حقیقی پیغام کو پھیلا کر دنیا کوا من وسلامتی کا گہوارہ بنایا جائے
میرپور(بیورورپورٹ) کسٹوڈین میرپور چوہدری محمد خلیق الزماں نے سیف الملوک آرٹس اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہ آل آزاد کشمیر مقابلہ سیف الملوک (شعر خوانی ) میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کہا کہ حضرت میاں محمد بخشؒ کا کلام مایوسیوں اور پریشانیوں سے نکال کر رحمت الٰہی کی طرف گامزن کرتا ہے ۔ یہ کلام اذہان وقلوب کو علم ومعرفت سے منور کرتا ہے ، نفرتوں کو مٹا کر محبت ورواداری کا درس دتیا ہے ۔ تقاضا ئے وقت ہے کہ اولیاء کے حقیقی پیغام کو پھیلا کر دنیا کوا من وسلامتی کا گہوارہ بنایا جائے ۔ سیف الملوک آرٹس اکیڈمی کے بانی جمیل احمد جمیل اور دیگر ممبران اکیڈمی مبارکباد کے مستحق ہیں جو تسلسل کے ساتھ گذشتہ بیس پچیس سال سے روحانی ، اخلاقی ، علمی ، ادبی اور احترام انسانیت جیسی عظیم کاوشوں کے فروغ کیلئے کردار ادا کررہے ہیں ۔آج کے نازک افراتفری کے دور میں ایسے جوانوں اور فلاحی اداروں کی حکومتی ، انتظامی اور عوامی سطح پر حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ باہمی عزت واحترام اور شفقت ومحبت کا ماحول قائم رہے ۔ سماجی راہنما چیئرمین میاں محمد بخش سوسائٹی آزاد کشمیر بابو محمد صدیق، نامور شاعر وادیب وماہرتعلیم پروفیسر محمد رفیق بھٹی اور علامہ محمد اسلام رشید نے مہمانان گرامی کی حیثیت سے شرکت کی ، خادم حسین نقشبندی ، پروفیسر رفیق بھٹی اور محمد جمیل قاسمی نے ججز کے فرائض سرانجام دیئے ۔ تمام شرکاء کو مقابلہ کو خوبصورت ٹرافیوں ، امتیازی اسناد اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیا ۔ خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے تلاوت کلام پاک اور پاک کشمیر کالج کے طالبعلم امیر حمزہ نے انتہائی خوش الحانی سے نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ایوارڈ یافتہ مقرر حسنین صفدر نے نظامت کے فرائض بطریق احسن سرانجام دیئے ۔ تمام مہمانان گرامی کو اکبر پبلک لائبریری میرپور کی طرف سے اکیڈمی کے بانی جمیل احمد جمیل نے تفسیر قرآن پر مشتمل خوبصورت کتب کا سیٹ پیش کیا ۔ مقررین نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔ حضرت میاں محمد بخش ؒ نے اپنے کلام میں جہاں توحید ورسالت ، اخلاقیات وتصوف بیان کیا ہے وہاںہر شعبہ حیات میں انسانوں کی راہنمائی کا عظیم فریضہ سرانجام دیا ہے ۔ پروفیسر محمد رفیق بھٹی مزید کہا کہ حضرت میاں محمد بخشؒ کا فن ، شخصیت اور کلام ہمارے لئے بہت بڑا سرمایہ ہے عارف کھڑی ایک عظیم شاعر اور عظیم انسان کی حیثیت سے ساری دنیا میں شناخت رکھتے ہیں ہمیں ان سے فیض یاب ہو کرا پنا مستقبل روشن کر نا چاہیے ۔ سیف الملوک آرٹس اکیڈمی کی طویل خدمات لائق خراج تحسین ہیں ۔اختتام پر حافظ مسعود احمد نے عالم اسلام کی اجتماعی ترقی وخوشحالی ، وطن عزیز کی بقاء وسلامتی اور مقبوضہ کشمیر وفلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی ۔
خلیق الزماں

© Copyright 2019. All right Reserved