پیر‬‮   19   اگست‬‮   2019

ڈی پی او کوہاٹ کا جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ،سکیورٹی کا جائزہ لیا

سکیورٹی بہتر بنانے کی ہدایت، وکلاءکو تحفظ فراہمی کی یقین دہانی

کوہاٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ضلعی عدالتوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا ۔ کورٹس کے دورے کے موقع پر ایس پی آپریشنز کوہاٹ،ڈی ایس پی سٹی ،لائن آفیسر،ڈسٹرکٹ کورٹس کے سیکیورٹی انچارج اور انچارج ڈی ایس بی بھی انکے ہمراہ تھے۔دورے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے مرکزی دروازے پر نصب واک تھرو گیٹ اور عدالتوں کی عمارتوں پر قائم واچ ٹاورز چیک کئے اور مین گیٹ پر چیکنگ کا عملی جائزہ لیا۔وائرلیس سیٹ اور مین گیٹ پر انٹری رجسٹر چیک کئے اور پولیس اہلکاروں کو سختی سے تاکید کی کہ وہ کورٹس کے احاطے میں داخل ہونیوالے تمام افراد کے مکمل کوائف نام،شناختی کارڈ نمبر،موبائل نمبر اور انٹری ٹائم کا اندراج ڈیٹا انٹری رجسٹر میں یقینی بنائیں۔ڈی پی او نے جوڈیشل کمپلیکس کی چاروں اطراف کے واچ ٹاورز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود جدید ہتھیاروں کا معائنہ کیا اور اسلحہ وایمونیشن کی صفائی اور دیکھ بھال کی جانچ پڑتال کی۔ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ،اے ٹی سی کورٹ،ایڈیشنل سیشن ججزاور جوڈیشل مجسٹریٹس کے عدالتوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور اطراف کی چار دیواری کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو مئوثر قرار دیکر پولیس اہلکاروں کو مزید الرٹ رہنے کی تاکید کی اور لائن آفیسر کو حکم دیا گیا کہ وہ دن اور رات کے اوقات میں دو مرتبہ سیکیورٹی خصوصاً گاردات اور سنتری پوسٹوں کو خود چیک کرینگے۔دورے کے دوران ڈی پی او وکلاء سے بھی ملے اور انہیں فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر)واحد محمود کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس سے نبردآزما ہونے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
ڈی پی او کوہاٹ

© Copyright 2019. All right Reserved