ہفتہ‬‮   25   مئی‬‮   2019

الزامات ثابت


چوہدری عارف مہتمم تعمیرات میرپور،راجہ معروف اوورسئیر لوکل گورنمنٹ الزامات سے بری قرار
وزیرلوکل گورنمنٹ راجہ نصیر کی محکمہ میں مانیٹرنگ واحتساب کاعمل یقینی بنانے کی ہدایت

مظفرآباد (بیورو رپورٹ)حکومت آزادکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ میں مانیٹرنگ اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے ،محکمانہ امور خاص کر ترقیاتی فنڈز میں شفافیت اور بر وقت ترقیاتی اہداف کے حصول کو عوامی ضروریات کے مطابق بنانے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں اور محکمانہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں محکمہ کے متعدد آفیسران کے بارے میں الزامات کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے چوہدری محمد عارف محکمہ کےمہتمم تعمیرات عامہ میرپور ڈویژن اور راجہ محمد معروف خان اووسیئر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راولپنڈی (ویلی) کو عائد کردہ الزامات سے بری قرار دیا ہے۔ جبکہ خواجہ عبد الباسط اسسٹنٹ انجینئر اور ملک عبد الوحید اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر سزا دینے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیر حکومت لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزادکشمیر نے کشمیرکمپلیکس کراچی کے منصوبہ جات کی تعمیر میں سرکاری فنڈز کی خورد برد کی تحقیقات کیلئے 21 نومبر 2017 کو بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ملوث چار آفیسران کو 19 فروری 2019 کو ذاتی سماعت کے دوران ایک بار پھر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی صفائی پیش کرنے کا موقع دیاتھا ۔محکمانہ انکوائری کمیٹی نے چوہدری محمد عارف مہتمم تعمیرات عامہ میرپور ڈویژن ، راجہ معروف خان اوورسئیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو عائد کردہ الزامات سے بری قرار دیا ہے اور خواجہ عبد الباسط اسسٹنٹ انجینئر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راولپنڈی (ویلی) حال حویلی فاروڈ کہوٹہ اور ملک عبد الوحید اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راولپنڈی (ویلی) حال پراوجیکٹ مینجر دیہی ترقیاتی مرکز کہوڑی کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر سزائیں دینے کی سفارش کی تھی ۔ خواجہ عبد الباسط اسسٹنٹ انجینئر اور ملک عبد الوحید اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو فرائض و ذمہ داری پرغفلت برتنے پر ایک ایک سالانہ ترقی روکنے کے علاوہ پولی ٹیکنیکل کالج کی عمارت کی تکمیل کیلئے بدوں فنی منظوری و بدوں ورک ڈن کی گئی ادائیگی مبلغ 14,40,000/- (چودہ لاکھ چالیس ہزار) روپے متعلقہ پراوجیکٹ لیڈر سے ریکورکیے جانے کی سفارش کی ہے اور پراوجیکٹ لیڈر سے عدم ریکوری کی صورت میں متذکرہ رقم خواجہ عبد الباسط ، ملک عبد الوحید اور دیگر ذمہ داران سے مساوی طور پر ریکور کرنے کی سفارش کے علاوہ کشمیر کمپلیکس جوہر ٹاؤن کراچی کی عمارت کیلئے وارگزار شدہ فنڈز مبلغ 31,68,000/- روپے کے خلاف بدوں ورک ڈن سے زائد کی گئی ادائیگی کے بلات دستخط ثابت ہونے کے باعث خواجہ عبد الباسط سے اور رقم مبلغ 9,61,000/- روپے کے علاوہ تین بلات بدوں دستخط کی گئی ادائیگی ثابت ہونے کے باعث ملک عبد الوحید سمیت دیگر ذمہ داران سے ریکور کرنے کی سفارش کی تھی ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق خورد برد کی گئی رقم کی ریکوری کے کام کی نگرانی اور ذمہ داری نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کرے گی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ترقیاتی اصلاحاتی عمل اور اہداف کے حصول کو بروقت یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز تر کرنے کیلئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت کے مطابق نہ صرف آزادکشمیر اسمبلی کے تمام حلقوں میں آبادی کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ساڑھے چار چار کروڑ کی وزیر اعظم کمیوٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کے کاموں کو زیادہ شفاف بناتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں بلکہ ترجیحی بنیادوں پرمحکمانہ ضروریات کے پیش نظر آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل صدر مقامات پرمحکمہ کے ناظمین اور تمام اضلاع میں مہتمم تعمیرات عامہ بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے جمعرات کے روز یہاں اپنے آفس میں آزادکشمیر پھر سے آئے ہوئے عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ موسمی صورتحال بہتر ہو جانے کے بعد آزادکشمیر بھر کے مختلف علاقوں کا ذاتی طور پر دورہ کرکے لوکل گورنمنٹ کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کو خود دیکھیں گے اور موقع پر عوامی تاثرات معلوم کریں گے کہ ہماری حکومت اور محکمہ کے ترقیاتی کاموں سے لوگ کس قدر مطمئن ہیں اور عوامی ضروریات کے مطابق محکمہ کے لوگوں اور متعلقہ ٹھیکیداروں نے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں کس علاقے اور کس منصوبے میں کیا پراگریس ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بات زور دے کر کہی کہ پہلی مرتبہ ہماری حکومت کے دور میں نہ صرف لوکل گورنمنٹ کے تحت وزیر اعظم کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کے کام تمام حلقوں میں بلا تخصیص گزشتہ اڑھائی سال کے دوران شروع کیے گئے بلکہ ان کی پراگریس / اہداف کی سخت مانیٹرنگ ، محکمہ کے تمام ملازمین کی حاضری اور کارکردگی کو تسلی بخش بنانے کیلئے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اچھا ، معیاری کام کرنے اور فرض شناسی کے جذبے سے کام کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور کام چور ، بد دیانت اور نااہل ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے حکومت اور محکمہ کی طرف سے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سینر فائرلائن سے ملحقہ علاقوں کے متاثرین کی بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر کیے جانے کیلئے بھی ہر ممکن ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
الزامات ثابت

© Copyright 2019. All right Reserved