05:31 pm
(50طلباوطالبات میں وظائف تقسیم)بیت المال رواں برس تعلیم پر50کروڑخرچ کریگا،عون عباس

(50طلباوطالبات میں وظائف تقسیم)بیت المال رواں برس تعلیم پر50کروڑخرچ کریگا،عون عباس

05:31 pm

سکردو(اوصاف نیوز)بلتستان یونیورسٹی میں پاکستان بیت المال کی طرف سے 50طلبہ و طالبات کو وظائف کی ادائیگی کی تقریب منعقد ، منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان بیت المال کی شرکت،اپنی پُرتاثیر خطابت سے تقریب کو زعفران بنادیا۔ طلباء و طالبات کو متحرک رہنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی نصیحت، رواں سال پاکستان بیت المال تعلیم پر 40کروڑ روپے خرچ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق بلتستان یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال کے درمیان رواں مہینے کی 10تاریخ کو اسلام آباد میں ایک معاہدہ ہوا تھا
جس کے تحت پاکستان بیت المال نے بلتستان یونیورسٹی کے 50طلباء وطالبات کو وظائف دینے کے معاہدہ پر دستخط کئے تھے،وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی معاہدہ کے روح رواں تھے۔ اُسی سلسلے کی باضابطہ تقریب بلتستان یونیورسٹی انچن کیمپس میں ہوئی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد بلتستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو وظائف کی ادائیگی کے طریقہ کار بتانا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی تھے جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں پرنسپل ویمن ڈگری کالج ڈاکٹر عظمیٰ سلیم، معروف دانشور حسن حسرت، سدا بہار شاعر پروفیسر حشمت کمال الہامیؔ، ممبر پاکستان بیت المال عدیل شگری، راجہ اعظم خان ، پی ٹی آئی بلتستان کے اراکین بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملک، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر، کنٹرول امتحانات ڈاکٹر غلام رضا ، ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر حاجی کریم، جملہ فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عون عباس بپی نے کہا کہ میں اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرسکتا کہ میں آپ جیسے طلباء و طالبات کو وظائف تقسیم کرنے جیسے مقدس عمل کا ذمہ دار ہوں۔ پاکستان بیت المال بلتستان یونیورسٹی کے 50 مستحق طلباء و طالبات کو ایک سال تک وظیفہ فراہم کرے گا۔البتہ مفاہمتی یادداشت کا تسلسل دو سال تک رہے گا۔ 50فیصد وظیفہ طالبات کو ملے گا اور 50فیصد طلباء کو۔وظائف کی ادائیگی کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے عون عباس نے کہا کہ ہم پوری رقم یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کردیں گے یونیورسٹی انتظامیہ کوئی کمیٹی تشکیل دے اور وہ کمیٹی مستحق طلباء و طالبات میں رقم تقسیم کرنے کی ذمہ دار ہو۔ پاکستان بیت المال کی عمومی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ سال ملک بھر میں تعلیم پر 6کروڑ روپے خرچ کئے تھے رواں سال 40کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ طلباء وطالبات کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے عون عباس نے کہا کہ یہ وظیفہ آپ کا حق ہے، یہ کسی کی طرف سے کوئی احسان نہیں ہے۔ آپ لوگ زندگی میں ہمیشہ متحرک رہیں، اپنے فیصلوں کو ہمیشہ بامقصد پیرائے میں لے کر جائیں، جو فیصلہ سازی کی قوت نہیں رکھتا وہ زندگی میں کچھ نہیں کرپاتا۔ قبل ازیں رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملک نے مہمانِ گرامی خاص طور پر عون عباس بپی کو خوش آمدید کہا اور منعقدہ تقریب کومعزز مہمان کی آمد اور طلباء طالبات کی خصوصی شرکت کے مرہونِ منت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان ایک ایسا خطہ ہے جہاں لوگ علم و ہنر کی طرف بہت زیادہ ملتفت نظر آتے ہیں۔ یہاں کے خوبصورت لوگوں نے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پاکستان بیت المال کی طرف سے وظیفہ کی ادائیگی کا مقصد مستحق طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اور کے معاشی مسائل حل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے معاشی مسائل کے علاوہ دیگر پہلوئوں پر بھی کام کرنا ہے، خاص طور پر طلباء و طالبات کی اخلاق سازی اور تربیت سازی بھی ہمارے پیشِ نگاہ ہے۔ ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلتستان یونیورسٹی پاکستان بیت المال کے ہمراہ متعدد شعبہ جات پر کام کرنا چاہتی ہے، ہم عالمی طور پر منائے جانے والے تمام مخصوص ایام مل کر منائیں گے،انہوں نے بلتستان یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال کے درمیان مذکورہ معاہدہ کی تکمیل کو نیک شگون قرار دیا اور ڈاکٹر صفدرکا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مذکورہ معاہدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر غلام رضا نے کہا ہم پاکستان بیت المال کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بلتستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو وظیفہ دینے کا اعلان کیاجس سے یہاں کے طلباء و طالبات کی اہم ضرورت پوری ہوگئی۔ تقریب کے آخر میں رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملک نے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی کو سوینئر پیش کیا جبکہ پاکستان بیت المال کی طرف سے وسیم اللہ جان کو شیلڈ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ حسن حسرت نے ممبر پاکستان بیت المال عدیل شگری کی خدمت میں شیلڈ پیش کی، ویمن کالج اسکردو کی پرنسل ڈاکٹر عظمیٰ سلیم نے عون عباس بپی کو کالج کے میگزین کا ایک نسخہ بھی پیش کیا۔تقریب میں تلاوت کا شرف لیکچرار قیصر عباس کو حاصل ہوا۔