Daily Ausaf::پیرا میڈیکس کی ہڑتال46ویں روز بھی جاری' مریض رل گئے
Updated at:  Tuesday,27 July 2010
پیرا میڈیکس کی ہڑتال46ویں روز بھی جاری' مریض رل گئے
باغ( نمائندہ خصوصی) پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال چھیالیسویں روز بھی جاری رہی مریضوں کو مشکلات کا سامنا مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو پانچ اگست سے مکمل کام چھوڑ ہڑتال کریں گے ملازمین اپنے اندر اتحاد واتفاق برقرار رکھیں آئندہ ساری ملازمت بھی اگر احتجاجاً پٹیاں باندھ کر کرنی پڑے تو اس کیلئے تیار ہیں محکمہ صحت کی تنصیب بیورو کریسی کا رویہ46 دنوں کے دو گھنٹے کے احتجاج سے درست نہیں ہو سکا حکمران طبقہ ہر سال میں وزیراعظم بدل رہا ہے تفصیلات کے مطابق پیرا میڈیکل سٹاف کے مرکزی چیئرمین چوہدری محمد لطیف اور سیکرٹری جنرل سید وقار حسین جعفری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر باغ میں ہڑتالی کیمپ میں ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی انتظامیہ ملازمین کے مسائل یکسو کرنے میں غیر سنجیدہ ہے اس بات کا واضح ثبوت یہ ہے کہ تمام ہسپتالوں کے ملازمین ایک ماہ سولہ دنوں سے دو گھنٹے کے علامتی احتجاج پر ہیں لیکن اس کے باوجود سروس سٹریکچر پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا نہ ہی تیس فیصد رسک الائونس اور تیس فیصد رورل ایریا الائونس دئیے جانے کے متعلق کوئی کارروائی کی گئی ۔
آزاد کشمیر میں پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن مسلسل ہڑتال پر،تما م اضلاع کے عہدیداروں نے مرکزی صدر پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹوکن ہڑتال ختم کرکے فوری تالہ بند ہڑتال کیلئے دبائو بڑھا دیا مرکزی قیادت نے ہڑتال کو حتمی شکل دینے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں ،ذرائع،آزادکشمیر بھر میں پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی جاری ہڑتال کے باعث ضلعی ہیڈکوارٹرز سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں ،تحصیل ہیڈکوارٹرز رورل ہیلتھ سینٹرز اور ابتدائی طبی مراکز میں گذشتہ مئی سے کام کاج کا سلسلہ تقریبآ بند پڑا ہوا ہے طبی اداروں میں تعینات عملہ نے اپنی تنخواہوں میں اضافہ سمیت دیگر الائونسز کیلئے ہڑتال کر رکھی ہے جس کے باعث سرکاری طبی اداروں میں طبی سہولیات حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ہے غریب لوگ جو پرایئویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کرانے سے قاصر ہیں بری طرح متاثر ہو رہے ہیں دور دراز سے سفر کرکے ہسپتالوں کا رخ کرنے والوں کو بھی سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملہ کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اولآ تو عملہ ہڑتال کے باعث حاضر نہیں ہوتا اگر خوش قسمتی سے مل جائے تو ادویات دستیاب نہیں ہوتیں جس پر مریض اور اس کی دیکھ بھال پر مامور افراد شدید پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں پورے آزاد کشمیر کی طرح ضلع کوٹلی میں بھی پیرا میڈیکل سٹاف نے منظور شدہ سروس سٹریکچر پر عملدرآمد،رسک الائونس، ہارڈ ایریا الائونس کی منظوری، ہیلتھ فائونڈیشن کے قیام اور درجہ چہارم کے ملازمین کے مسائل کے حل ہونے تک اپنی ٹوکن ہڑتال شروع کر رکھی ہے جس کے باعث ملازمین جزوقتی طور پر ہسپتالوں میں آتے ہیں اور حاضری لگا کر تھوڑا بہت کام کرتے ہیں ،دور دراز کے علاقوں سے مریض جب طبی مراکز پہنچتے ہیں تو ہڑتال کا وقت ہو جاتا ہے جس کے باعث مجبوری کے عالم میں مریض کو پرایئویٹ ہسپتالوں میں لے جانا پڑتا ہے ،پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کوٹلی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر چوہدری تنویر حسین منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری تنویر حسین ، جنرل سیکریٹری مسعود اعوان، ، صدر ڈی ایچ کیو ہسپتال محمد سعید محمد نصیر ملک، سردار صدیق، مرکزی پریس سیکریٹری محمد رمضان ،محمد شفیع راجہ مرکزی سیکریٹری مالیات خان ارشد محمود سینئر نائب صدر ڈویژن میرپور،حاجی ہارون، الیاس قریشی، اعجاز الرحمٰن پہاپا بشیر، ،حمد فریدشیخ،ثقلین نواز اور دیگر نے کہا کہہمارے جائز اور منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہ کرنا محکمہ صحت آزاد کشمیر کی بیوروکریسی کی ملازمین دشمن پالیسی کا حصہ ہے مقررین نے مرکزی صدر اور دیگر عہدیداروں سے بھر پور مطالبہ کیا کہ بیوروکریسی کے ہتھکنڈوں نے ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے لہذا ٹوکن ہڑتال کو فی الفور ختم کیا جائے اور مکمل تالہ بندی کی جائے جس پر مرکزی صدر نے حتمی لائحہ ء عمل کیلئے مشاورت کیلئے مختلف اضلاع کے صدور اور جنرل سیکریٹیریز کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.