Daily Ausaf:: ن لیگ کا قیام فوری عمل میں لایا جائے ، جنرل کونسل کی قرارداد
Updated at:  Monday,26 July 2010
ن لیگ کا قیام فوری عمل میں لایا جائے ، جنرل کونسل کی قرارداد
اسلام آباد(اے این این)آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کی جنرل کونسل نے وزیراعظم آزاد جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کے قیام کا مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کو بار بار متحد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ آزادکشمیر میں فوری طور پر مسلم لیگ ن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ آزادکشمیر کے عوام نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہارکرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آزادکشمیرکے لوگوں کے بھرپور مطالبے پر مسلم لیگ ن کا قیام عمل میں لائیں۔یہ مطالبے اتوار کے روز کشمیر ہائوس اسلام آباد میں آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے سینئر رہنمائوں کے مشاورتی جنرل کونسل کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں کیے گئے ۔ اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کا یہ اجلاس سردار عتیق احمد خان کی طرف سے اپنی جماعت کی حکومت کو توڑنے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین جموںوکشمیر کے حقوق کا ہر قیمت پرتحفظ کیا جائے گا۔اجلاس وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور سینئر قیادت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ آزادکشمیر میں سیاسی استحکام کے لیے ضروری اقدامات کریں۔اجلاس مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے توقع رکھتا ہے کہ وہ آزادکشمیر کے معاملات کا فوری نوٹس لیں گے اور لوگوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے دور رس فیصلے کریں گے۔یہ اجلاس سالار جمہوریت سردار سکندر حیات سے توقع کرتا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنا سیاسی کردار ادا کریں۔ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اور سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے اتحاد کے وقت طے پایا تھا کہ عتیق احمد خان جماعت کی صدارت سنبھالیں گے اور فاروق حیدر حکومت چلائیں گے جبکہ مجھے سیکرٹری جنرل کا عہدہ میرے پاس رہے گا لیکن چند ماہ کے بعد ہی صدر جماعت نے اعلان کیا کہ شاہ غلام قادر سیکرٹری جنرل نہیں میں نے جماعت کے وسیع تر مفاد میں جماعت کے سیکرٹری جنرل کاعہدہ چھوڑ دیا ۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ سیاست کے اندر اب دوغلا پن ختم ہونا چاہیے۔منافقت کی سیاست اب نہیں چلے گی۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.