Daily Ausaf:: زاہدان بم دھماکوں میں امریکی فوجی ملوث ہیں، ایران
Updated at:  Monday,19 July 2010
زاہدان بم دھماکوں میں امریکی فوجی ملوث ہیں، ایران
تہران: ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ زاہدان بم دھماکوں کے ذمہ دار افغانستان اور پاکستان میں موجود امریکی فوجی ہیں، پاکستانی حکومت بھی بری الذمہ نہیں۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ اگر اوباما کو نہیں معلوم کہ امریکی فوجیوں کے کرتوت کیا ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ افغانستان اور پاکستان میں موجود امریکی فوجیوں نے زاہدان میں بم دھماکے کرنے والے دہشتگردوں کی مدد کی۔ احمدی نژاد نے دعویٰ کیا کہ نیٹو اور امریکی فوجیوں نے بم دھماکوں کیلئے دہشتگردوں کو آلات اور رقوم فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران،پاکستان کا دوست اور پڑوسی ہے لیکن پاکستانی حکومت بھی ان دھماکوں سے بری الذمہ نہیں۔ جمعرات کو ایران کے شہر زاہدان میں امام بارگاہ کے قریب بم دھماکوں میں اٹھائیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بم دھماکوں کے بعد ایرانی حکام نے پاک ایران سرحد کو سیل کردیا ہے۔ جس سے دونوں جانب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سرحد بند ہونے کے باعث تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے ایران نے سرحد کو اس لیے سیل کیا ہے تاکہ حملہ آور سرحد پار کر کے فرار نہ ہو سکیں۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.