Daily Ausaf:: پی ٹی اے کی یو فون کی جانب سے دہشتگروں کو سم جاری کرنیکی تصدیق
Updated at: Thursday,18 March 2010
پی ٹی اے کی یو فون کی جانب سے دہشتگروں کو سم جاری کرنیکی تصدیق
اسلام آباد(سپیشل نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع نے اوصاف کی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوفون نے سم نمبر 0331-4770183 کو جاری کرتے ہوئے نہ صرف پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ قواعد و ضوابط کی پرواہ نہیں کی بلکہ ملکی سکیورٹی کو بھی داؤ پر لگا دیا ہے یوفون کے غیر قانونی عمل کا جائزہ لینے کے لئے پی ٹی اے نے چیئرمین ڈاکٹر محمد یاسین کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم تشکیل دی جس کے ممبران میں پی ٹی اے کے ممبر فنانس ایس نصرالکریم غزنوی اور ممبر ٹیکنیکل ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر شامل تھے نے یوفون کی اس مجرمانہ غفلت کا نہ صرف تفصیلی جائزہ لیا بلکہ یوفون کے اعلیٰ عہدیداران کو بھی اپنا بھرپور مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یوفون کا موقف پیش کرتے ہوئے یوفون کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ یوفون روزانہ کئی سمیں فروخت کرتا ہے اس دوران انسان سے غلطی ہونا ایک فطری عمل ہے جس پر پی ٹی اے کے اعلیٰ عہدیدار نے جواب میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے خلاف اور دہشت گردوں کے لئے ایک سم ہی کافی ہوتی ہے اور کئی سمیں پورے ملک میں فروخت ہوتی ہیں کسی ایک آؤٹ لیٹ پر نہیں فروخت ہوتیں کہ غلطی کا احتمال ہو۔ پی ٹی اے نے یوفون کی اس غفلت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ یوفون نے پی ٹی اے کے ایکٹ 1996ء کے سیکشن 23 کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے اس لئے یوفون پر پندرہ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے پی ٹی اے نے یوفون کو 26 مارچ 2010ء تک مذکورہ رقم جمع کرانے کا پابند بنایا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ ابھی تک یوفون نے رقم جمع نہیں کروائی ہے واضح رہے کہ سم نمبر 0331-4770183دہشت گردوں کو جاری کی گئی تھی جنہوں نے سری لنکا ٹیم پر حملہ کیا تھا۔