Daily Ausaf:: برطانوی بچے کا اغوا: پانچ ملزمان گرفتار
Updated at: Thursday,18 March 2010
برطانوی بچے کا اغوا: پانچ ملزمان گرفتار
جہلم: ساحل نقاش کے اغواء میں ملوث دو پاکستانی اوررومانیہ کی ایک خاتون کو اسپین سے تاوان سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ دو ملزمان کو فرانس سے گرفتار کیا گیا۔ بچے کا بیان جہلم کی عدالت میں ریکارڈ کرادیا گیا۔ ساحل نقاش نے برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی تحویل میں جہلم کے سول جج حیدر علی کی عدالت میں بیان قلمبند کرایا۔ بچے نے کہا کہ اسے اغوا کرنے کے بعد بیل گاڑی پر سواری اور گھڑ سواری کرائی گئی۔ دوران قید اسے کھلونا پستول سے گن چلانا سکھایا گیا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے اسپین سے فون کرکے ساحل کے والد سے ایک لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔ رقم کی ادائیگی کے بعد ساحل کو چھوڑ دیا گیا۔ اسپین کی وزارت داخلہ کے مطابق تاوان کی رقم پیرس میں ادا کی گئی۔ اسپین کے شہر تیراگونا سے دو پاکستانی اور رومانیہ کی ایک خاتون کو ساحل نقاش کے اغواء میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کرکے تاوان کی رقم برآمد کرلی گئی۔ دو ملزمان فرانس سے گرفتار کئے گئے۔