Daily Ausaf::اسمبلی اجلاس ، میر پور میں 70ء سے الاٹ پلاٹوں کی فہرست طلب
Updated at: Thursday,18 March 2010
اسمبلی اجلاس ، میر پور میں 70ء سے الاٹ پلاٹوں کی فہرست طلب
مظفر آباد(وقائع نگار ، سٹاف رپورٹر) سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے رولنگ دی ہے کہ میر پور ترقیاتی ادارہ میں 1970ء سے لے کر اب تک الاٹ کئے جانے والے پلاٹوں کی فہرست ایوان میں پیش کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر قانون ساز اسمبلی سردار قمر الزمان خان کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کیا۔ چیئر مین پی اے سی چوہدری انوار الحق نے ایوان کو بتایا کہ ہم نے 8 سو صفحات پر مشتمل رپورٹ مرتب کی ہے جس کو آئندہ پندرہ روز میں ایوان میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ وزیر بلدیات راجہ نصیر احمد خان نے کہا کہ غریب شخص پلاٹ حاصل نہیں کر سکتا۔ پلاٹ لینے والا کسی اور کا نام استعمال کرتا اور پھر پلاٹ آگے منتقل ہو جاتا ہے چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اگر مجھ پر کوئی ایک پلاٹ بھی ثابت ہو جائے تو میں سیاست اور اسمبلی کی نشست دونوں چھوڑ دوں گا۔ سپیکر نے دو طرفہ بحث سننے کے بعد رولنگ دی کہ 1970ء سے لے کر اب تک ایم ڈی اے میر پور میں الاٹ ہونے والے پلاٹس کی فہرست ایوان میں پیش کی جائے۔ سپیکر کی رولنگ کے بعد محرک سوال سردار قمر الزمان خان نے اپنے سوال پر زور نہ دیا۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے سابق وزیر حکومت چوہدری رشید مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم رہنماء کی اعلیٰ سیاسی روایات شریف النفس شخصیت قرار دیتے ہوئے مرحوم کی عوامی ملی خدمات کو مشعل راہ قرار دیا۔ گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین چوہدری عبدالمجید ، میاں عبدالوحید ، دیوان غلام محی الدین اور دیگر کی تعزیتی قرار داد پر سابق وزیر حکومت کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی جانب سے تجویز دی گئی کہ مرحوم کی خدمات پر کسی کو اعتراض نہیں قرار داد پڑھ کر منظور کر لی جائے لیکن اپوزیشن اراکین کی جانب سے مرحوم کی خدمات پر اظہار خیال کے اسرار پر سپیکر اسمبلی نے اراکین اسمبلی سے رائے لینے کے بعد مرحوم کی خدمات پر اظہار خیال کیلئے اراکین کو وقت دیا۔ اراکین اسمبلی جن میں سابق وزیر اعظم سردار یعقوب خان ، چوہدری عبدالمجید ، چوہدری لطیف اکبر ، میاں عبدالوحید ، عبدالماجد خان وزیر حکومت عبدالرشید عباسی ، راجہ نثار احمد خان ، ناہید طارق ، سردار فاروق طاہر اور دیگر نے چوہدری رشید مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنماء چار مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ ان کی وفات کے بعد ایک خلا پیدا ہوا ہے جو مدتوں پر نہیں کیا جا سکتا۔ مرحوم نے دو دہائیوں تک سماہنی کے عوام کی خدمت کی۔ مرحوم کی اچانک وفات سے سیاست کے اندر اور ان کے آبائی علاقہ کے لوگوں کو شدید صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ مرحوم کی سیاسی ، ملی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے وزیر اوقاف پیر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے دعائے مغفرت کرائی۔ اجلاس میں قائد ایوان راجہ محمد فاروق حیدر اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان شرکت نہ کر سکے۔