Daily Ausaf::ڈسپلن کی کمی سے کھیل زوال کا سبب ہے، جہانگیر خان
Updated at:  Tuesday,16 March 2010
ڈسپلن کی کمی سے کھیل زوال کا سبب ہے، جہانگیر خان
اسلام آباد (اے این این ) سکواش کے سابق ورلڈ چیمپیئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں ڈسپلن کی کمی کی وجہ سے تمام کھیل زوال پذیر ہیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو سزائیں دیکر ایک مثال قائم کی جو آنیوالے کھلاڑیوں کیلئے نصیحت ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ ڈسپلن نہ ہونے کی وجہ سے کھیل ترقی نہیں کررہے اور نئے کھلاڑیوں کی کھیپ بھی سامنے نہیں آرہی ۔ جب تک ہم اپنے آپ میں ڈسپلن نہیں لائیں گے اپنے ملک کا نام روشن نہیں کر سکیں گے۔ جو بھی کھلاڑی ملک سے باہر جاتا ہے وہ ملک کا سفیر کہلاتا ہے اور اسے کوشش کرنی چاہے کہ وہ قوانین پر عمل کرے اور کوئی بھی ایسی حرکت نہ کرے جس سے ملک کی بدنامی ہو۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو سزائیں دیکر ایک درست فیصلہ کیا اور اس سے کھیلوں میں ڈسپلن کیساتھ ساتھ بہتری بھی آئیگی ۔ انہوںنے کہاکہ دیگر ملکوں میں بھی کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد کی گئیں اور اس سے ٹیم میں بہتری آئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں جہانگیر خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اگر نئے ٹیلنٹ کوصحیح طریقے سے سامنے لایا جائے تو ہمارا ملک کھیلوں کی دنیا میں کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتا ہے ۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.