Daily Ausaf:: آصف باجوہ کو مستعفی ہو جانا چاہئے، رانا فاروق سعید
Updated at: Tuesday,16 March 2010
آصف باجوہ کو مستعفی ہو جانا چاہئے، رانا فاروق سعید
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور بیجنگ اولمپک گیمز کی ہاکی انکوائری کمیٹی کے سربراہ رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری ملک میں ہاکی کی بہتری کیلئے از خود مستعفی ہو جائیں ،قومی کھلاڑیوں سے آصف باجودہ نے استعفی دلوائے ،فیڈریشن کے اہم عہدے چاروں صوبوں میں تقسیم کئے جائیں جبکہ حکومت نے ہاکی کی انکوائری کمیٹی کی دوبارہ ذمہ داری سونپی تو ضرور قبول کروں گا ۔اس امر کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ "رسجا میٹ دی پریس "کے دوران کیا ۔رانا فاروق سعید نے کہاکہ ہاکی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر پوری قوم کی طرح حکومت کو بھی تکلیف ہوئی ہے گزشتہ دس سالوں میں ہاکی کیساتھ جو کچھ ہوا اسکے نتائج ہم آج بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہاکی میں اقرباپروری کے باعث قومی کھیل کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اورماضی میں طرح ہاکی فیڈریشن میں بھی اس وقت ون مین شو چل رہا ہے جبکہ آصف باجوہ نے ہاکی کو ایک گھنٹہ گھر بنا دیا ہے جو تمام فیصلے خود کر رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آصف باجوہ کو اخلاقی طور پر از خود مستعفی ہو جا چاہے ۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے قومی کھلاڑیوں پر دبائو ڈالا کہ وہ ورلڈ کپ کی شکست پر مستعفی ہو جائیں۔
اور بعد میں تمام وہ معاملات ٹھیک کر دئے گے جبکہ انکے اس اقدام کا حکومت کو بھی علم ہو چکا ہے جنہوں نے آصف باجودہ کے اس اقدام کا نوٹس لے لیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہاکی کھیل کی بہتری کیلئے فیڈریشن کے اہم عہدے چاروں صوبوں میں تقسیم کیا جائے جبکہ فیڈریشن میں اس وقت صدر ، سیکرٹری ، فنانس سیکرٹری اور ایسو سی ایٹ سیکرٹری پنجاب سے ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے بیجنگ اولمپک گیمز کی طرح ہاکی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے کیلئے انکوائری کمیٹی کا دوبارہ سربراہ مقرر کیا تو وہ غیر جانبدارانہ طریقے سے تحقیقات کرتے ہوئے اپنی سفارشات سے حکومت اور عوام کو آگاہ کرینگے ۔