Daily Ausaf:: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے حکومتی بے بسی
Updated at:  Monday,15 March 2010
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے حکومتی بے بسی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے اپنی تمام تر کوششیں کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کو اگر لاسکتے تو آج ہی لے آتے لیکن یہ امریکی عدالت کا کام ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے موجودہ حکومت بہت کوششیں کر چکی ہے مگر اس حوالے سے امریکہ نے ایک نہیں سنی دوسری طرف ہماری حالت یہ ہے کہ امریکہ کے ہر حکم پہ سرتسلیم خم کرکے اپنی ''خودمختاری'' کا ثبوت فراہم کر رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر امریکہ ایک نحیف سی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرنے کے لئے تیار نہیں تو ہم امریکہ کی اندھی جنگ کا حصہ بن کر اپنی ہی تباہی کا ساماں کیوں پیدا کر رہے ہیں کیا ہم میں اتنی بھی اخلاقی جرات نہیں کہ دختر پاکستان کی باعزت رہائی کے لئے امریکہ سے دو ٹوک بات کرکے اسے باور کرائیں کہ اگر آپ عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کرسکتے تو ہم بھی آپ کے لئے مزید کچھ نہیں کر سکتے؟
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومتی بے بسی دیکھ کر عوام یہ سوال کر رہے ہیں کہ اگر حکمران امریکہ سے ایک ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کرواسکتے تو ڈرون حملے کیسے بند کروائیں گے اور امریکہ سے اور کیا مفادات لے سکیں گے؟
ٹھیک ہے اگر حکومت امریکہ کے آگے بے بس ہے تو کم از کم ان کرداروں کو تو سزا دے سکتی ہے جنہوں نے چند ڈالروں کے عوض ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرکے پوری امت مسلمہ کے ماتھے پر بدنامی کا داغ مل دیا ہے کیا یہ کردار کسی رعایت کے مستحق ہیں یہ تو حکومت کے بس میں ہے کہ ان کرداروں کو نشان عبرت بنائے...!
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.