Daily Ausaf::امریکا،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے 149بلین ڈالرز کا بل منظور
Updated at:  Friday,12 March 2010
امریکا،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے 149بلین ڈالرز کا بل منظور
واشنگٹن : امریکی سینیٹ نے بےروزگاری کی امداد اور ٹیکسوں کی چھوٹ کے حوالے سے 149 بلین ڈالرز کا پیکج منظور کرلیا ہے۔امریکہ کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نومبر میں کانگریشنل انتخابات سے قبل ملک میں بے روزگاری کی شرح9.7 فیصد ہوگئی ہے اور ڈیموکریٹس اس شرح میں کمی کےلئے کوشاں ہیں۔

سینیٹ میںمذکورہ بل پر رائے شماری کے دوران اسے 36 کے مقابلے میں 62 ووٹوں سے منظور کرلیاگیاہے۔ صدر اوبامہ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اس بل کی منظوری سے چھوٹے کاروبار اور بے روزگاری کو مدد ملے گی۔ انہوں نے بل کی حمایت پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز اراکین کا شکریہ ادا کیاہے اور کہاہے کہ اس اقدام سے ہماری معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ اس سال روزگار کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ےہ کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ الیکشن سیزن نزدیک ہے اور وہ کانگریس میں اپنا کنٹرول کھو بھی سکتے ہیں۔ دونوں ایوانوںسے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے دو بل منظور ہوچکے ہیں تاہم انہیں حتمی قانونی شکل دینے کے حوالے سے اختلافات برقرار ہیں اور اختلافات کے خاتمے کے بعد ہی صدر اوبامہ قانون پر دستخط کرسکتے ہیں۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.