Daily Ausaf:: صوبے کو ڈاکوؤں ' قاتلوں اور عوام کی عزتیں لوٹنے والوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف
Updated at: Friday,12 March 2010
صوبے کو ڈاکوؤں ' قاتلوں اور عوام کی عزتیں لوٹنے والوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف
لاہور (اے این این)وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے کو ڈاکوؤں ' قاتلوں اور عوام کی عزتیں لوٹنے والوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے عوام اور پنجاب کی حکومت اپنی جان پر کھیل کر معاشرے کے دشمنوں کا تعاقب کرنے والے پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وہ گزشتہ روز سادھوکی میںشہید کانسٹیبل محمد یاسین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ کانسٹیبل یاسین کی شہادت سوموار کی صبح کو جہانیاں میں گوجرانوالہ کے اشتہاری اور سزا یافتہ انتہائی خطرناک مجرموں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہوئی تھی۔ مقابلے میں مارے جانے والے مجرم آصف عرف وڈو اور حمید عرف کالا اغواء برائے تاوان' قتل اور ڈکیتیوں کے دو درجن سے زائد واقعات میں ملوث تھے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میںدہشت کی علامت سمجھے جانے والے ان مجرموں کے سروں کی قیمت20اور10لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔ محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری قوم کو پولیس کے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے اور اگر پولیس میں ایسے فرض شناس افراد نہ ہوں تو مجرم معاشرے میں کھلم کھلا دندناتے پھریں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ایسے قابل فخر پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے لواحقین کی سرپرستی اتنی ہی ضروری ہے جتنا نااہل اہلکاروں کا احتساب۔پیشتر ازیں شہید کانسٹیبل کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ یاسین شہید صرف پولیس کا نہیں بلکہ پاکستانی قوم کا قابل فخر سپوت ہے۔ شہید کانسٹیبل نے اپنی شہادت کے ذریعے دنیا میں بھی نام پیدا کیا ہے اور اللہ تعالی اسے آخرت میں بھی اعلیٰ مقام دے گا۔ محمد یاسین کے معمر والد عنایت اللہ نے کہا کہ شریف گھرانوں کی بیٹیاں اٹھانے' بچے اغواء کرنے اور دن دیہاڑے ڈاکے مارنے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے میں اپنے دوسرے بیٹے کی قربانی بھی دینے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ میرے بیٹے کو مجرموں کی طرف سے کئی مرتبہ پیغا م ملا تھا کہ ہماری گرفتاری کی کوشش نہ کرو ورنہ مار دیئے جاؤ گے مگر اس نے ایسی باتوں کی کبھی پرواہ نہ کی تھی۔ وزیراعلی نے اس موقع پر شہید کے اہل خانہ کے لئے 30لاکھ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت انہیں15لاکھ روپے کی مالیت کاگھر بھی خرید کر دے گی۔ انہوں نے شہید کے بھائی کے لئے پولیس میں ملازمت اور بیٹے کے لئے مفت تعلیم کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے مجرموں کے ساتھ مقابلے میں شریک پولیس ٹیم کے دیگر اراکین کے لئے 2۔ لاکھ روپے فی کس انعام کا بھی اعلان کیا ۔