Daily Ausaf::خواتین کواپنے حقوق کے حصول کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہو گا ،قمرزمان کائرہ
Updated at:  Friday,12 March 2010
خواتین کواپنے حقوق کے حصول کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہو گا ،قمرزمان کائرہ
اسلام آباد(اے این این) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہوگا ،خواتین کو آئین و قانون میں آزادیاں تو دی گئی ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا ، معاشرے میں انقلاب صرف ایک انسٹیٹیوشن کے ذریعے نہیں لایا جاسکتا بلکہ اس کیلئے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، اجتماعی جدوجہد کے ذریعے ہی خواتین اپنے حقوق حاصل کرسکتی ہیں ، مرد خواتین کو آزادی دینے کیلئے تیار نہیں ہیں ، امریکہ ، برطانیہ اور یورپ میں آج بھی خواتین کا استحصال کیا جاتا ہے،دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انقلاب برپا کردیا ہے۔ نیشنل پریس کلب میں ''ایک ترقی پذیر معاشرے میں خواتین صحافیوں کا کردار '' کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہم قانون سازی تو کرتے ہیںاور قانون بن بھی جاتے ہیں مگران پر عمل نہیں ہوتا،پاکستان بنانے میں خواتین کا کردار سب سے نمایاں تھا، میڈیا کی بدولت آج ہر گھر میں سماجی انقلاب برپا ہوا ہے اور خواتین اپنے حقوق کو پہنچاننے لگی ہیں ، خواتین نے اگر معاشرے میں باوقار رمقام حاصل کرنا ہے تو انہیں انتھک اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے اپنا نام پیدا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹو ہمیشہ محروم اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کرتی تھیں اور انہوں نے خواتین کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی ، وہ ان پر ہونیوالے جبر پر بھی نگاہ رکھتی تھیں۔ انہوں نے خواتین کو ان کے حقوق کے حوالے سے مستقبل کا روڈ میپ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام اور ترقی دینا چاہتے ہیں لیکن اس کے منفی رد عمل سے بھی بچنے کے خواہشمند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکمران ہمیشہ صحافیوں سے تنگ ہوتے ہیں کیونکہ وہ ان کے وائٹ کالر کرائمز کو منظر عام پر لاتے ہیں تاہم یہ ایک مخصوص طبقہ ہوتا ہے جو اقتدارمیں ہوتے ہوئے صحافیوں کا سامنا نہیں کرسکتا ،ہم ان جرائم پیشہ چہروں کا محاسبہ کرنا چاہتے ہیں،ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ صحافی ہم پر تنقید کریں مگر انہیں مثبت اور منفی دونوں پہلوئوں کا جائزہ لینا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں جمہوریت قائم کرنے اور آمریت کے خاتمے میں خواتین صحافیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،میڈیا سے وابستہ صحافی خواتین کو زیادہ مسائل کا سامنا ہوتا ہے مگر اس کے حل کیلئے ہمیں جمہوری رویے پروان چڑھانے ہوں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ پاکستان انڈسٹریل سٹیٹ نہیں ہے تاہم حکومت انڈسٹری کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔یہ عمل بہت درد ناک ہے کہ بعض اخبارات اور ٹی وی چینلز اپنے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دے رہے، ہم اس بارے میں نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی مرتب کررہے ہیں،صحافی اس حوالے سے ہمیں تجاویز ارسال کریں جس پر ہم ان سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ 1997ء سے 2007ء تک اخبارات اورٹی وی چینلز کے 97کروڑ روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں اگرچے وہ ہمارے خلاف کمپین کے طور پر استعمال کیے گئے ہیں مگر پھر بھی ہم یہ بقایا جات ادا کرینگے ۔انہوںنے کہاکہ مالکان بھی اخباری ملازمین کو ان کا جائز حق دیں ، ہم نے پی ایف یو جے اور صحافتی تنظیموں کی یقین دہانی کے بعد اخبارات اور چینلز کو پیسے ریلیز کیے ہیں لیکن ہم مالکان کے ساتھ نہیں بلکہورکروں کے ساتھ کھڑے ہیںاوران کو جائز حق دلائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم جلد جرنلسٹ وکٹم فنڈ اور جرنلسٹ ایوارڈ کے حوالے سے صحافتی تنظیموں سے ملاقات کرینگے، جرنلسٹ وکٹم فنڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ بہت پہلے ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہاکہہم صحافیوں کی انشورنس کرینگے اور اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیںکیونکہ پاکستان میں جمہوری عمل کو مستحکم کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.