Daily Ausaf::قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں 10 ویں ترمیم پیش کر دی جائے گی، خورشید شاہ
Updated at:  Friday,12 March 2010
قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں 10 ویں ترمیم پیش کر دی جائے گی، خورشید شاہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں اٹھارہویں ترمیم پیش کر دی جائے گی۔ نئے پارلیمانی سال کے موقع پر ہم قوم کو بینظیر بھٹو کی جانب سے لیاقت باغ میں کئے گئے آخری وعدہ کی تکمیل کے سلسلہ میں 1973ء کے آئین کو اس کی اصل حالت میں بحال کر کے تحفہ دیں گے یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی کی طرف سے بغیر کسی ایجنڈا کے اجلاس طلب کرنے کے بارے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد حزب اختلاف کی رائے کا احترام کرتے ہیں جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے وہی پارلیمانی کلینڈر بناتی ہے۔ ماضی میں پارلیمنٹ کا جو رویہ تھا اس سے باہر رونقیں لگی رہتی تھیں ہم نے کوشش کی باہر کی بجائے ایوان کی رونق بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا مگر قائد حزب اختلاف تند و تیز تقریر چھوڑنے کو تیار نہیں۔ بینظیر بھٹو اور نوازشریف نے معاہدہ کیا تھا کہ 1973ء کا آئین اصل صورت میں بحال کر کے قوم کو تحفہ دینگے۔ آئینی اصلاحات کمیٹی تیزی سے اپنا کام کر رہی ہے ہم اس اجلاس میں اٹھارہویں ترمیم پیش کر کے اپنا وعدہ پورا کرنا چاہتے ہیں تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے 18 ویں ترمیم پیش کی جائے گی اگر کوئی آمر کی جانب سے تباہ کئے ہوئے آئین کو درست کرنا چاہتا ہے تو وہ ہم سب سے مل کر اس وعدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچائے
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.