Daily Ausaf::کشمیر حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، راجہ ظہیر احمد کیانی
Updated at:  Thursday,11 March 2010
کشمیر حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، راجہ ظہیر احمد کیانی
شفیلڈ( رپورٹ: راجہ فریاد خان) وزیرا عظم آزاد کشمیر کے سابق پی آر او راجہ ظہیر احمد کیانی برطانیہ کے دورہ پر گزشتہ روز مانچسٹر ائیرپورٹ پر پہنچ گئے انہوںنے اپنی آمد کے موقع پر آئے مسلم کانفرنسی کارکنوں اور رشتہ داروں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے مضبوط ہاتھوں میں ہے جنہیں صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی مکمل اشیرباد تائید و حمایت حاصل ہے۔ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی باتیں کرنیوالے دن میں جاگتے ہوئے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے یکے بعد دیگرے مسلم کانفرنس کے قائدین بالخصوص سردار عتیق احمد خان کے ہاتھوں اتنے زیادہ سیاسی تھپیڑے کھا چکے ہیں کہ وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے تحریک اعتماد جیسے واویلے کر کے عوام کی توجہ اپنے جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں قتل ہونیوالے کیپٹن طارق کے افسوسناک واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دن دیہاڑے ٹی وی اخبارات کی موجودگی میں کیمروں کی نظر کے سامنے قتل ہوا اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے وزراء اور مسلم کانفرنسی رہنمائوں پر قتل کا مقدمہ درج کروایا گیا ضمانتوں کی کنفرمیشن سے جھوٹ کا پردہ کھل چکا ہے اور اب مرکزی حکومت قتل کے اصل مجرموں پر نامعلوم مصلحتوں کے تحت پردہ ڈال رہی ہے۔ راجہ ظہیر احمد کیانی نے کہا کہ وہ قتل ہونیوالے معصوم شہری اور اس کے ورثاء سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں اور خواہش ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور خدشہ ظاہر کیا کہ قتل کہ اس واقعے میں پیپلز پارٹی کے بعض ایسے کارندے موجود ہیں جنہیں مرکزی حکومت تحفظ دیکر قاتلوں تک رسائی سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حرکت شریف شہریوں کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہے اور عام لوگ اپنی زندگی بارے مایوسی ظاہر کر رہے ہیں۔ راجہ ظاہر کیانی برطانیہ میں چند ماہ قیام کریں گے دورہ کے دوران مختلف شہروں میں جماعتی کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے افکار شیئر کریں گے۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.