Daily Ausaf::تحریک عدم کی خبروں میں صداقت نہ حکومت میں اختلافات ہیں،نورین عارف
Updated at: Wednesday,10 March 2010
تحریک عدم کی خبروں میں صداقت نہ حکومت میں اختلافات ہیں،نورین عارف
میرپور﴿بیورورپورٹ﴾وزیر تعلیم ﴿ سکولز ﴾ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محترمہ نورین عارف نے کہا ہے کہ چند روز سے حکومت کیخلاف عدم اعتماد کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی آزاد حکومت میں کوئی اختلافات ہیں۔ اِن خیالات کااظہار انہوں نے مسلم کانفرنس سٹی میرپور کے جنرل سیکرٹری راجہ کامران منظور کی قیادت میں ملنے والے مسلم کانفرنسی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں متحد و منظم ہے اور ان کی قیادت میں بھرپور طریقہ سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی موجودہ حکومت نے آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کا بیڑا اُٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی حکومت آزاد کشمیر میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ مسلم کانفرنس کی حکومت کی تعلیم کے حوالہ سے پالیسی بڑی واضح ہے کیونکہ آزاد خطہ کو پڑھے لکھے نوجوانوں کی ضرورت ہے اس لئے نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ تعلیم کا کسی بھی معاشرے کی اصلاح میں بہت بڑا کردار ہوتا ہے اور زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کر کے ہی نوجوان نسل جہالت و بربریت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرئیگی اور طلبائ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعینات ٹیچرز اپنے اداروں میں زیر تعلیم طلبائ کو نظم و ضبط کا پا بند بنائیں اور اپنی ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر ادا کریں ۔ انہوں نے اس موقع پر ملنے والے وفد سے حکومت کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں ہے۔ یہ خبریں محض حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہیں جبکہ موجودہ مسلم کانفرنسی حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ کیونکہ یہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی اور آزاد خطہ کو ایک ماڈل سٹیٹ کے طور پر دنیا کے نقشے میں پیش کریگی۔