Daily Ausaf::سکیورٹی خدشات،نیوزی لینڈ ٹینس ٹیم کا پاکستان آنے سے انکار
Updated at: Tuesday,09 March 2010
سکیورٹی خدشات،نیوزی لینڈ ٹینس ٹیم کا پاکستان آنے سے انکار
اسلام آباد(اوصاف سپورٹس)سکیورٹی خدشات کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی ٹینس ٹیم نے ڈیوس کپ ٹائی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے،پاکستان ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ آئی ٹی ایف کے ذریعے کیوی ٹیم کو پاکستان لانے کی کوشش کریں گے۔ایشیا اوشینیازون گروپ ٹو کا سیمی فائنل جولائی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونا ہے، لیکن ٹینس نیوزی لینڈ کے آپریشن منیجر ٹریکی ہال کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث کیوی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی ، ٹائی کو نیوزی لینڈ یا کسی اورمقام پرمنتقل کیاجائے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری میجر ریٹائرڈ عبدالراشد خان کا کہنا ہے کہ وہ انٹر نیشنل ٹینس فیڈریشن کے ذریعے کیوی ٹیم کو پاکستان بلانے کی کوشش کریں گے،انہوں نے کہا کہ قوانین کی رو سے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر منتقل نہیں کی جاسکتی۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈیوس کپ سیمی فائنل ٹائی نیوزی لینڈ میں ہی منتقل کردی جائے تاہم ابھی اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔