Daily Ausaf:: حملہ افسوس ناک ،صدر وزیر اعظم کی سیکورٹی پر بلیک واٹر مامورنہیں ،رحمن ملک
Updated at:  Tuesday,09 February 2010
حملہ افسوس ناک ،صدر وزیر اعظم کی سیکورٹی پر بلیک واٹر مامورنہیں ،رحمن ملک
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر،نامہ نگارخصوصی ،سپیشل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم کی سیکورٹی بلیک واٹر اہلکار نہیں بلکہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیاں اور تربیت یافتہ پولیس اہلکار ہیں بغیر ثبوت اور تحقیق کے سربراہ مملکت کے متعلق بات کرنا درست نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ شیخ رشید پر حملہ افسوسناک ہے ارکان اسمبلی اس پر قیاس آرائی کرنے کی بجائے حقائق کا انتظار کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ بغیر کسی تحقیق یا ثبوت کے ایجنسیوں پر اس واقعہ کا الزام لگانا مناسب نہیں ہوگا انہوں نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کی سیکورٹی پر پاکستان کی ایجنسیاں اور ماہرین پولیس آفیسر تعینات ہیں بلیک واٹر کے اہلکاروں کی طرف سے وزیراعظم گیلانی کی حفاظت کی بات درست نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید پر راولپنڈی میں چھ بج کر دس منٹ پر حملہ ہوا جب وہ اپنے دفتر سے نکل رہے تھے۔ میری اطلاع کے مطابق چار محافظ مارے گئے ہیں جبکہ شیخ رشید احمد خود زخمی ہیں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پر حملہ کو ایجنسیوں یا خود ان کی طرف سے کارروائی قرار دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد حملہ کی تحقیقات کرکے ایوان کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا وزیر داخلہ نے یہ وضاحت تہمینہ دولتانہ کی تقریر کے جواب میں کی۔علاوہ ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملک میں بلیک واٹر کا وجود نہیں ہے، نمل یونیورسٹی 3 روز کیلئے بند کر دی گئی ہے، سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہو گئی ہے، یوم عاشور اور چہلم کے موقع پر ہونے والے دھماکوں کیلئے مشترکہ تحقیقات کی جا رہی ہیں، ان دھماکوں میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نمل یونیورسٹی کے رجسٹرار بریگیڈیئر عبید اللہ نے متاثرہ پروفیسر سے معافی مانگ لی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ ہر معاملے پر ہم پر الزام تراشی کرتا رہتا ہے، بچپن سے لے کر وزیر داخلہ بننے تک بھارت کے الزام سنتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے بامقصد اور جامع مذاکرات چاہتے ہیں، سارک ممالک کے وزراء داخلہ کی کانفرنس مارچ میں ہو گی۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.