Daily Ausaf:: شیخ رشید پر حملہ افسوسناک ، واقعہ کی جوڈیشل انکوائری ، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، سیاسی قائدین
Updated at:  Tuesday,09 February 2010
شیخ رشید پر حملہ افسوسناک ، واقعہ کی جوڈیشل انکوائری ، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، سیاسی قائدین
راولپنڈی، شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کے خلاف ایمرجنسی کے احتجاج کیا جا رہا ہے
اسلام آباد (وقائع نگار، نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی قائدین نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے صدمے کا اظہار کیا وفاقی وزراء و سیاسی قائدین نے کہا کہ اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہے ان کو ذاتی عناد کا رنگ دینا کسی طور درست نہیں ایسے واقعات سیاسی قائدین اور سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے دور کرنے کی سازش ہے واقعہ کی فوری انکوائری اور ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے سابق وفاقی وزیر اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے آئی جی پنجاب پولیس سے اس واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ وزیردفاع چوہدری احمد مختار اور دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر عبدالقیوم جتوئی نے راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے انتخابی جلسہ پر فائرنگ کی مذمت کی ہے، پیر کو اپنے مذمتی بیانات میں وزراء نے اس افسوسناک واقعہ اور اس کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس گھنائونی کارروائی میں ملوث عناصر کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق سید ممتاز عالم گیلانی نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے راولپنڈی میں شیخ رشیداحمد پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے راولپنڈی میںعوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ فعل قرار دیاہے گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں امن و امان قائم رکھنے میں ناکام ہو سکتی ہے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اسے دہشت گردی کا سنگین واقعہ قرار دیا ہے اور جاں بحق افراد سے تعزیت اور شیخ رشید کی صحت یابی کی دعا کی ہے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنماء فاروق ستار، حیدر عباس رضوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے شیخ رشید پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولی اور قتل و غارت کی سیاست سے انتخابات نہیں جیتے جا سکتے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیر نے شیخ رشید پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی شیخ رشید پر قاتلانہ حملہ ضمنی انتخابات روکنے کی سازش ہے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پر حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات فوزیہ وہاب نے این اے 55 شیخ رشید احمد کے انتخابی دفتر پر حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں فوزیہ وہاب نے کہا کہ اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہوتے ہیں اور ان کو ذاتی عناد کا رنگ دینا کسی طور بھی درست نہیں انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے مولانا فضل الرحمٰن اور سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ممتاز سیاستدان شیخ رشید احمد پر قاتلانہ حملے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو منظر عام سے ہٹانے کا منصوبہ ملک دشمن عناصر کا ہے شیخ رشید نے بارہا حکومت کو اطلاع دی کہ ان کی جان کو خطرہ ہے لیکن پنجاب حکومت نے ان کی حفاظت کا بندوبست نہیں کیا اور سرعام قاتلانہ حملہ کر کے دہشت گرد فرار ہو گئے معاملے کی انکوائری کیلئے اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیٹی قائم کی جائے۔ صدر پاکستان کے پولیٹیکل سیکرٹری فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ راولپنڈی جیسے پرامن شہر میں شیخ رشید احمد پر قاتلانہ حملہ اور اسکے نتیجے میں تین افراد کی شہادت کی پرزور مذمت کر تے ہیں ۔ ایسے واقعات سیاسی قائدین اور سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے دور کر نے کی سازش ہے ۔ ہمیں نفرت مٹائو محبت بڑھائو کے اصول پر چلنا ہو گا۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی جنرل سیکرٹری مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ شیخ رشید احمد کے واقعہ کی پرزور مذمت کر تے ہیں پنجاب حکومت کو اطلاع دینے کے باوجود سابق وزیر کو سیکورٹی مہیا نہ کرنا انتقامی کارروائی ہے۔ جسکی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔ ناظم پوٹھوہا ٹائون حامد نواز راجہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانا چاہئے تھے جو انہوںنے نہیں کئے تھے۔ اعجاز خان جازی نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا اور پرامن رہنے کی سخت ضرورت ہے۔ زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ راولپنڈی جیسے پرامن شہر میں ایسے واقعات کر کے عوام کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے جو ناکام بنائی جائے گی۔ شیخ دانش افتخار نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ افضل کھوکھر نے کہاکہ شیخ رشید ملکی سیاسی رہنماء ہیں اور الیکشن میںبھی حصہ لے رہیں انکا تحفظ کرنا پنجاب حکومت کا فرض ہے۔ پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی صدر مسز فرخ خان، سیکرٹری اطلاعات فوزیہ ناز اور شعبہ خواتین فیڈرل کیپیٹل کی صدر ثریا نسیم نے راولپنڈی میں شیخ رشید پر انتخابی دفتر میں حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ (ہم خیال)کے صدر سینیٹرسلیم سیف اﷲخان،حامد ناصر چٹھہ،ہمایوں اختر خان،خورشید قصوری اور کشمالہ طارق نے شیخ رشید احمد پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔سینیٹر سیف اﷲ خان نے کہا کہ شیخ رشید پر حملہ حکومت کی ناکامی ہے صوبائی حکومت کو انہیں تحفظ فراہم کرنا چاہئے تھا۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور راولپنڈی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار شیخ رشید احمد پر قاتلانہ حملے اور اس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ان کے ساتھیوں کے افسوسناک واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر محمد علی درانی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، جماعة الدعوة شعبہ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمٰن مکی اور حافظ خالد ولید نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پر قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال اتنی بگڑ چکی ہے کہ قومی رہنماؤں کی جانیں بھی محفوظ نہیں رہیں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پر حملہ کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.