site statistics

Daily Ausaf:: ناراض بلوچ رہنمائوں سے مفاہمت چاہتے ہیں ، آزادی کی باتیں مناسب نہیں ، زرداری
Updated at:  Tuesday,09 February 2010
ناراض بلوچ رہنمائوں سے مفاہمت چاہتے ہیں ، آزادی کی باتیں مناسب نہیں ، زرداری
اسلام آباد(خصوصی وقائع نگار)صدرمملکت آصف علی زرداری نے واضح کیاہے کہ کسی کو بھی بلوچ عوام کی بہتری کیلئے پارلیمنٹ سے منظور کردہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج پر سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ہم ملک اور بیرون ملک بیٹھے ناراض بلوچ رہنماؤں سے مفاہمت چاہتے ہیں،جلد بلوچستان کا دورہ کروں گاجبکہ بعض بیرونی قوتیںبلوچستان میں مداخلت کر رہی ہیں،اس امر کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کے دوران کیا جس میں آغاز حقوق بلوچستان پیکج،صوبے میں امن وامان و سیاسی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم ملک اور بیرون ملک بیٹھے ناراض بلوچ رہنماؤں سے بھی مفاہمت چاہتے ہیں اور یہ بلوچ رہنما صوبے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے حکومتی پیشکش کا مثبت جواب دے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی آزادی کی باتیں نامناسب ہیں ایسے مطالبات کرنے والوں کے ساتھ بھی مل بیٹھ کر معاملات کو طے کرنے کو تیار ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی حکومتی رٹ چیلنج نہیں کرنے دی جائیگی اور بلوچ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ۔دریں اثناء آصف علی زرداری نے پاک چین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک قریبی دوست اور خطہ کی معاشی ترقی میں فطری پارٹنر ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو چین کے صوبہ سائیچوآن کے نائب گورنر ہوانگ چائنو چیانگ کی قیادت میں چینی وفد سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون کو مستحکم بنانا اور وسعت دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کے رہنما اصولوں میں سے ایک ہے۔ صدر نے چین کے اپنے گزشتہ 4 دوروں کے حوالہ سے کہا کہ پاکستان چینی اقتصادی اور ترقیاتی کامیابیوں اور زراعت تعلیم، مواصلات، تجارت، توانائی اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں اس کے تجربات سے استفادہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کا موجودہ 7 ارب ڈالر کا حجم دستیاب مواقع سے کم ہے اس کو 2011ء تک 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔دریںاثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے جمہوریت کی جدوجہد، قانون اور آئین کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا، عام شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پیر کی شب یہاں فرنٹیئر بار کونسل کے 24 رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے صدر نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ سائلین کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے بار کونسل کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے اور پختونخواہ بار کونسل کو دیگر صوبوں کی بار کونسلوں کے مساوی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ بار کونسل کے ارکان میں پیپلز لائرز فورم کے صدر سردار محمد لطیف کھوسہ، پیپلز لائرز فورم فرنٹیئر کے صدر بیرسٹر مسعود کوثر، جنرل سیکرٹری الیاس خان، انفارمیشن سیکرٹری (پی ایل ایف)عبداللہ ملک اور پنجاب (پی ایل ایف )کے صدر سردار خرم لطیف خان کھوسہ شامل تھے۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2008 All rights reserved.