Daily Ausaf:: فوج کو عالمی حالات کے تناظر میں مسلح کرینگے ، گیلانی
Updated at:  Tuesday,09 February 2010
فوج کو عالمی حالات کے تناظر میں مسلح کرینگے ، گیلانی
کراچی(اے پی پی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لئے اپنے حصہ سے زیادہ کرادار ادا کر رہا ہے، حکومت قومی اور عالمی فرائض کی بجا آوری میں پاک بحریہ کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے، ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتے تاہم قیام امن کیلئے کم سے کم موثر دفاعی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں، عالمی صورتحال کے تناظر میں فوج کو مسلح کریں گے، توسیع پسندانہ عزائم نہیں رکھتے، پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پی این ایس شمشیر کی پاک بحریہ میں شمولیت کی پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار چوہدری احمد مختار، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نعمان بشیر، پاک بحریہ کے افسروں، جوانوں اور جہاز کے عملے کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لئے اپنے حصہ سے زیادہ کرادار ادا کر رہا ہے تاکہ ایسی قوتوں کا خاتمہ کیا جا سکے جو خطہ میں عدم استحکام اور عالمی امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قومی اور عالمی فرائض کی بجا آوری میں پاک بحریہ کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے، اقتصادی مشکلات کے باوجود ہم اپنی مسلح افواج کو ہر طرح کے اسلحہ سے لیس کریں گے۔ وزیراعظم نے میری ٹائم شعبے کی ترقی کے لئے حکومت کے عزائم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کے دفاع اور اہم بحری گزر گاہوں کے تحفظ کے لئے پاکستان بحریہ کی خدمات کو سراہا اور پاک بحریہ کے جوانوں کی بہبود کے لئے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سمندری علاقوں میں ترقی کے لئے کام کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتے تاہم قیام امن کے لئے کم سے کم موثر دفاعی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطہ میں توسیع پسدانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم دفاعی پیداوار کے شعبہ میں خود انحصاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چین کے تعاون سے فریگیٹ پروگرام خود انحصاری کی منزل کی جانب اہم قدم ہے اس سے کراچی شپ یارڈ کی اپ گریڈیشن ہوگی اور ملک میں جہازسازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی این ایس شمشیر کی پاک بحریہ میں شمولیت پوری قوم کے لئے اطمینان کا باعث ہے۔ انہوں نے ضروری ٹیکنالوجی کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف 22 پی فریگیٹ کا پاک بحریہ میں شمولیت سے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اور چینی انجینئرز نے کامیابی حاصل کی اور فریگیٹ دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے اور پاک چین دوستی ہر مشکل صورت حال میں کامیاب ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ چین میں تیار کردہ پاک بحریہ کا دوسراF-22 P فریگیٹ پی این ایس شمشیر چین کے شہر شنگھائی میں گذشتہ دسمبر میں باقاعدہ کمیشننگ کے بعد 23 جنوری 2010ء کو کراچی پہنچا تھا۔ پاکستان نیوی نے چین کے ساتھ چار جہازوں کا معاہدہ کیا ہے۔ پی این ایس شمشیر اس سلسلے کا دوسرا جہاز ہے جو کہ چین کے اشتراک سے ہوڈونگ ژونگ ہوا شپ یارڈ (Hudong Zhonghua Shipyard) شنگھائی میں تیار کیا گیا ہے۔ F-22P فریگیٹ سورڈ کلاس شپ ہے جو پرخطر جنگی ماحول کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز سطح آب سے سطح آب اور سمندر سے فضا میں دور تک مار کرنے والے لانگ رینج میزائیلوں اور جدید خود کار 76 ملی میٹر گنز سے لیس ہے۔ یہ ڈیپتھ چارجز اور ٹارپیڈوز سے حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس پر اینٹی سب میرین Z9EC ہیلی کاپٹرز بھی موجود ہیں۔ جہاز الیکٹرانک وارفئر اور ایڈوانس کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے علاوہ ہائی ٹیک ایئر ڈیفنس سسٹم سے بھی مزیّن ہے۔ اس میں لانگ رینج سرفیس اور ایئر سرویلنس ریڈارز اور سونار بھی نصب ہیں۔ جہاز کی لمبائی 123 میٹرز جبکہ اس کا ہٹائو (displacement) 3000 ٹن ہے۔ چین کے ساتھ معاہدے کے تحت تیسرا جہاز بھی تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے جو کہ سال 2010ء کے تیسرے کوارٹر میں پاک بحریہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے کا چوتھا جہاز کراچی شپ یارڈ میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے کے تحت زیر تکمیل ہے جو سال 2013ء میں تیار ہو جائے گا۔
مزید خبریں
Share on Facebook
Mehtab Publications Pvt (Ltd)
Copyright 2010 All rights reserved.